فلسطینی عوام کیلئے امن اور باوقار زندگی کی ہمیشہ حمایت کی جائے گی :گوٹیرس

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے فلسطینی عوام کے عالمی یوم یک جہتی پر کہا کہ علاقے میں ان کے بنیادی مقاصد ماضی کے مقابلے میںآج زیادہ دور ہیں۔اقوام متحدہ کی معاون سیکرٹری جنرل امینہ جے محمد نے نیویارک کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں گوتیرس کا خط پڑھا،جس میں انہوں نے لکھا کہ یہ سال کو منانا خاص طور پر دردناک ہے کیونکہ بنیادی مقاصد ماضی کے مقابلے میں زیادہ دور ہیں۔ایک سال سے زیادہ عرصے میں اسرائیل کے حملوں کے نتیجہ میں غزہ کو مسمار کر دیا گیا ہے، جس میں زیادہ تر خواتین اور بچوں سمیت 43 ہزار سے زائد شہری مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بحران ہر روز مزید خراب ہو رہا ہے یہ بہت ہی خوفناک اور معاف نہیں کیا جا سکتا۔
گوتیرس نے مزید کہا کہ مشرقی قدس اور زیر قبضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی کارروائیاں، آباد کاریوں کا پھیلاؤ، بے دخل کرنا ، مکانات کی تباہی، آباد کاروں کی طرف سے تشدد اور ضم کی دھمکیاں مزید درد اور ظلم کا سبب بن رہی ہیں۔سیکرٹری جنرل نے اپنے خط میں لکھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے امن اور سلامتی کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب رہنے اور القدس دونوں ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت ہونے کے لیے دو ریاستی حل کی طرف واپسی میں پیش رفت کا وقت بہت پہلے گزر چکا ہے۔