چیف جسٹس نے آئین کی دیرپا طاقت اوراہمیت کو اُجاگر کیا

چیف جسٹس نے آئین کی دیرپا طاقت اوراہمیت کو اُجاگر کیا

’یومِ آئین‘ کی تقریبات میں بنیادی فرائض سے متعلق کتابچہ جاری کیا

جموں//جموں وکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی نے آئین ہند کی منظوری کے 77سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اور اِنصاف، آزادی، مساوات اوربھائی چارے کے گرانقدر اَصولوں سے اَپنی اِجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی اور ڈِسٹرکٹ لیگل سروسز اَتھارٹی جموں کے اِشتراک سے آج یہاںپولیس آڈیٹوریم گلشن گراؤنڈ جموں میں یومِ آئین 2026 منایا۔اس پروگرام میں چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور سرپرست جموں و کشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی ڈاکٹر جسٹس پشپندر سنگھ بھاٹینے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اِس موقعہ پر جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری، جسٹس سنجے پریہار اور جسٹس یش پال بورنی سمیت جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج صاحبان بھی موجود تھے۔اِس پروگرام کا مقصد عوام میں آئینی شعور کو دوبارہ بیدارکرنا ، آئین کی بالادستی کے احترام کو فروغ دینا اور بالخصوص نوجوانوں میں ذمہ دار شہری ہونے کا احساس پیدا کرنا تھا۔ اِس کے علاوہ اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئینی جمہوریت کا تحفظ اِداروں اور شہریوں کی مشترکہ ذِمہ داری ہے۔چیف جسٹس نے اَپنے صدارتی خطاب میںطلبأ ساتھ ایک دلچسپ بات چیت کی اور کئی حقیقی زندگی کی مثالوں کے ذریعے آئین کی ’تمہید‘ میں درج اَنصاف کی تین یعنی جہتوں سماجی، اِقتصادی اور سیاسی انصاف، کی تفصیل بیان کی۔ڈاکٹر جسٹس پشپندر سنگھ بھاٹی نے ہر شہری کے ووٹ کی یکساں اہمیت کو اُجاگرکرتے ہوئے سیاسی مساوات کے حصول کو ایک نمایاں کامیابی قرار دیا اور ساتھ ہی سماجی و اِقتصادی مساوات کے فروغ اور ہر فرد کو باوقار زندگی کے تحفظ کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے آئین کے معماروں کی دوراندیشی کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آرٹیکل 395 نے نوآبادیاتی حکمرانی کے ساتھ باقی ماندہ آئینی روابط منقطع کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ آئین کی فطری لچک اس کی سب سے بڑی طاقت ہے جو ملک کے وسیع جغرافیائی، ثقافتی اور سماجی تنوع کو ایک متحد قومی تانے بانے میں باندھتی ہے۔اُنہوں نے جموں، کشمیر اور لداخ کی عدالتی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے 1928 میں ہائی کورٹ کے قیام کا خصوصی ذکر کیا، جو اَب اپنی صد سالہ تقریبات کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اُنہوں نے اسے خطے کی گہری آئینی اَقدار کا مظہر قرار دیا۔چیف جسٹس نے لداخ میں اپنے حالیہ تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے جغرافیائی اور موسمی چیلنجوںکے باوجود دُور دراز اور بلند پہاڑی علاقوں میں عدالتی اِداروں اور لیگل سروسز اتھارٹیوں کے کام کو اُجاگر کیا اور اسے آئین کی خوبصورتی اور طاقت کا حقیقی مظہر قرار دیا۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئینی اَقدار کی شمع روشن رکھیں، اَپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لائیں اور آئین، جمہوریت اور ملک کو مضبوط بنانے میں بامعنی کردار اَدا کریں۔اِس موقعہ پرجسٹس رجنیش اوسوال نے خطاب کرتے ہوئے آئین کی ’تمہید‘ کو آئین کی روح قرار دیا اور اس کے چار بنیادی اصولوں یعنی اِنصاف، آزادی، مساوات اوربھائی چارے کی وضاحت کی۔اُنہوں نے مساوات اور آزادی پر خصوصی زور دیتے ہوئے ہر شہری کے آئینی حقوق کے تحفظ، مواقع کی مساوات کو یقینی بنانے اور اِنفرادی وقار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دِیا۔اُنہوںنے مزید کہا کہ آئینی آزادیوں کو ذمہ داری کے ساتھ اِستعمال کیاجانا چاہیے اور دوسروں کے حقوق کے لئے مناسب خیال رکھنا چاہیے ۔ اُنہوں نے نوجوانوں میں آئینی شعور پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ اَپنے حقوق اورذِمہ داریوں سے بھی آگاہ رہیں۔پروگرام میں فیکلٹی آف لأ جموں یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سنجے گپتا اور سینئر ایڈوکیٹ جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ سیما کھجوریہ شیکھر کے بصیرت افروز خطابات سے بحث مباحثے کو مزید تقویت ملی جنہوںنے آئین کے تاریخی اِرتقا، آئینی اخلاقیات اور عصرِ حاضر کے چیلنجوں پر علمی اور پیشہ ورانہ نقطٔ نظر پیش کیا۔پروگرام میں ایک ٹرینی جج، قانون کے طلبأاورایک پیرا لیگل رضاکار کی طرف سے بصیرت انگیز پیشکشیں پیش کی گئیں جن میں آئینی اَقدار اور قانونی بیداری کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا گیا۔محکمہ قانون، اِنصاف اور پارلیمانی امور کی طرف سے تیار کردہ ’ای نیائے سارتھی پورٹل‘ پر ایک معلوماتی ویڈیو بھی پیش کی گئی جس میں اِنصاف تک رَسائی کو آسان بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے اِستعمال اور اس کے کردار کو نمایاں کیا گیا۔اِس موقعہ پر چیف جسٹس نے بنیادی فرائض کے بارے میں ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔ اِس موقعہ پر چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹر حق نواز زرگر، کمشنر سیکرٹری محکمہ قانون، اِنصاف اور پارلیمانی امور اچل سیٹھی، پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (چیئرمین ڈی ایل ایس اے) جموں طاہر خورشید رینہ، سپیشل سیکرٹری محکمہ قانون، اِنصاف اور پارلیمانی امور آشیش گپتا، ہائی کورٹ رجسٹری اور جموں ڈِسٹرکٹ کورٹ کے دیگر عدالتی اَفسران، قانونی برکمیونٹی کے ارکان، ماہرینِ تعلیم، قانون کے طلبأ، پیرا لیگل رضاکار اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔رجسٹرار جنرل جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ایم کے شرمانے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا جبکہ شکریہ کی تحریک ممبر سیکرٹری جموں و کشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی شازیہ تبسم نے پیش کیا۔