سکینہ اِیتو نے درگاہ حضرت بل سری نگر میں حاضری دی

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو نے آج درگاہ حضرت بل سری نگر میں حاضری دی۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے جموں و کشمیر کے ہر فرد کی بہتری ، خطے کے اَمن، ترقی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران درگاہ کمیٹی کے اَرکان سے بھی ملاقات کی اور درگاہ کی ترقی سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔محترمہ سکینہ اِیتو نے کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت بل اَمن اور روحانیت کی علامت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ مقدس زیارت گاہ رواداری اور اتحاد کی اَقدار کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے جس کے لئے اِس جگہ کوجانا جاتا ہے۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے حضرت بل کے علاقے کے مقامی لوگوں سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور اُن کے مسائل اور شکایات بغور سُنا۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے تمام حقیقی مسائل اور شکایات کا فوری طور پر اَزالہ کیا جائے گا۔ وزیر محترمہ سکینہ اِیتو کے ہمراہ ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ اور متعلقہ افسران بھی تھے۔