ڈِسٹرکٹ ہسپتال اننت ناگ کا بھی دورہ کیا اوروہاں طبی نگہداشت کی سہولیات اور ایمرجنسی خدمات کا جائز ہ لیا
اننت ناگ//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کا تفصیلی معائینہ کیا اور اِدارے کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے معائینے کے دورا ادارے کے مختلف شعبوں اور ایمرجنسی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ ساتھ طلبأ سے بھی اِستفساری گفتگو کی تاکہ ان کے چیلنجوں اور ضروریات کو سمجھ سکیں۔ اُنہوں نے ہوسٹل، اِنتظامی بلاک اور سہولیات جیسے دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کا بھی معائینہ کیا تاکہ موقعہ پررائے حاصل کی جا سکے۔بعد میں وزیر موصوفہ نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، جی ایم سی کے فیکلٹی ممبران اور ادارے کے دیگر افسران کے ساتھ ایک مختصر میٹنگ منعقد کی۔دورانِ میٹنگ وزیر سکینہ مسعود اِیتو نے طبی تعلیم، مریضوں کی نگہداشت اور مجموعی آپریشنل کارکردگی میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’ہماری حکومت جموں و کشمیر میں اعلیٰ درجے کی طبی نگہداشت کی سہولیات قائم کرنے کے لئے وقف ہے۔‘‘ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ہماری توجہ تمام شہریوں کو ان کے سماجی و اِقتصادی پس منظر سے قطع نظر معیاری صحت خدمات فراہم کرنے پر ہے۔اُنہوں نے کالج اِنتظامیہ کو حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔دریں اثنا، سکینہ مسعود اِیتو نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال اننت ناگ کا بھی دورہ کیا اور صحت سہولیات کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران ہسپتال کا تفصیلی چکر لگایا اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ، اِنڈور پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ، تشخیصی لیبارٹریوں کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کے دیگر خصوصی شعبوں کا معائینہ کیا۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی خدمات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مضبوط بنانے اور ایمرجنسی مریضوں کو بروقت طبی اِمداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے زور دے کر کہا ،’’ لوگوں کی اُمنگوں پر پورا اُترنے کے لئے بالخصوص اِنتہائی نگہداشت کے محکموں میں مناسب عملے کو یقینی بنایا جائے۔‘‘سکینہ مسعود اِیتو نے کہاکہ یہ ضلع ہسپتال بالخصوص دیہی علاقوں اور پسماندہ کمیونٹیوں کے لئے ایک اہم ہیلتھ کیئر سینٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ ہسپتال جنوبی کشمیر کے کئی اَضلاع کی صحت خدمات کے لئے ایک اہم ہے۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہسپتال جدید طبی آلات اور عوامی بھلائی کے لئے تشخیصی سہولیات سے لیس ہو۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران مریضوں، تیمارداروں اور مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے سہولیت میں دستیاب خدمات کے بارے میں رائے لی۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ہماری حکومت ہیلتھ کیئرکے مسائل کو حل کرنے اور صحت خدمات جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے قابل رسائی ، سستی اور اعلیٰ معیار بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










