سری نگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں و کشمیر کے کلچرل یونٹ کشمیر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پالہ پورہ سری نگر میںایک مختصر ڈرامے اور ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ اِس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کی لت کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے ۔اِس پروگرام میں شاہکار کلچرل سوسائٹی کے فن کاروں کی طرف سے ایک فکر انگیز ڈرامہ پیش کیا گیا جس میں اَفراد اور معاشرے پر منشیات کے اِستعمال کے تباہ کن اَثرات کو اُجاگر کیا گیا۔ اِس پرفارمنس میں نشے کی لت سے ہونے والے جسمانی، اَخلاقی اور سماجی نقصانات کی عکاسی کی گئی جو سامعین نے بہت پسند کیا۔پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پالہ پورہ نے وادی بھر میں اہم سماجی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لئے کلچرل یونٹ کشمیر کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب کو سکول کے طلبأ ، اَساتذہ اور عملے کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔یہ اَقدام کلچرل یونٹ کشمیر کی سماجی مسائل کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں مثبت تبدیلی کی ترغیب دینے کی جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے۔










