کہا، حکومت جموںوکشمیرمیں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے
بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے آج بارہمولہ کے چکلو میں2X6.3 ایم وی اے ریسونگ سٹیشن کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوںنے کہا کہ یہ اہم پیش رفت جموں و کشمیر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا حصہ ہے۔اَپنے دورے کے دوران وزیر جاوید احمد ڈار نے بارہمولہ میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور عوام کو دستیاب دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈِی سی ایل کشمیر مسرت الاسلام اور دیگر ضلعی و سیکٹورل افسران بھی تھے۔اِس موقعہ پر وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسونگ سٹیشن چکلو کو 6.3 ایم وی اے سے2X 6.3 ایم وی اے تک بڑھانے سے لڈورہ، چکلو، نادی ہال اور ضلع بارہمولہ کے دیگر علاقوں کے 2,339 گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔اُنہوں نے کہا کہ کُل دستیاب صلاحیت کو بڑھانے کے بعد 330 ایم پی سے بڑھا کر 660 ایم پی کردیا گیاہے۔ وزیر موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت نے سردیوں کے موسم میں طلب کو پورا کرنے کے لئے اضافی 350 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کی مانگ کا تخمینہ لگایا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے وعدے کے مطابق مستقبل قریب میں عوام کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔جاوید احمد ڈارنے جموں و کشمیر میں صارفین کو معیاری اور طے شدہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بجلی کا منصفانہ اِستعمال کریں اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل سے بچنے کے لئے غیر ضروری ہیٹنگ گیجٹس سے گریز کریں۔وزیر موصوف نے دورے کے دوران مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی۔ وفود نے وزیر موصوف کو اپنے مطالبات گوش گزار کئے۔ اُنہوںنے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کے سامنے اُٹھایا جائے گا۔










