جاوید احمد رانا نے ٹی آر آئی کو قبائلی بہبود کیلئے متعدد سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی

طجموں//وزیر برائے قبائلی امورجاوید احمد رانا نے آج ڈائریکٹر ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ (ٹی آر آئی) جموںوکشمیر کو ہدایت دی کہ وہ ’’ سپورٹ ٹو ٹی آر آئی‘‘ سکیم کے تحت متعدد تبدیلی کی سرگرمیوں کو عملائیں۔ اِن ہدایات میں قبائلی فلاح و بہبود، ثقافتی تحفظ اور سماجی و اِقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے جامع اَقدامات پر زور دیا گیا ہے۔مجوزہ سرگرمیوں میں جموں و کشمیر میں قبائلی کمیونٹیوںکے ورثے اور روایات کو ریکارڈ اور محفوظ کرنے کے لئے مضبوط تحقیق اور دستاویزی اقدامات شامل ہیں۔ٹی آر آئی کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صلاحیت سازی کے پروگرام شروع کرے جس کا مقصد قبائلی کمیونٹیوںکو اُبھرتے ہوئے سماجی و اِقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری مہارتوں اور وسائل سے آراستہ کرنا ہے ۔وزیر موصوف نے قبائلی نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ، ذریعہ معاش میں اضافہ اور تعلیمی مدد کے تحت مخصوص سرگرمیوں کی ہدایت دی۔ مسابقتی اِمتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے خواہشمند قبائلی طلباء کو کوچنگ فراہم کرنے اور ایکشن ریسرچ پروپوزل کے لئے فیلوشپ کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اِن اقدامات کا مقصد قبائلی نوجوانوں میں تعلیمی خلا کو پُر کرنا اور کیریئر کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔اُنہوں نے قبائلی کمیونیٹوں کی بھرپور ثقافتی میراث کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ٹی آر آئی کو قبائلی آرٹ، روایات اور زبانوں کی حفاظت کے لئے پروگرام شروع کرنے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے ان کے تسلسل کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر جاوید احمد رانا نے فوری کارروائی کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈائریکٹر ٹی آر آئی کو ہدایت دی کہ وہ ٹی آر آئی کے لئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کریں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ قبائلی کمیونٹیوں کو درپیش بنیادی سماجی و اِقتصادی چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔اُنہوں نے اِس مشن کو آگے بڑھانے میں ٹی آر آئی کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے قبائلی آبادی کی مجموعی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈائریکٹر ٹی آر آئی کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان اَقدامات میں تیزی لائیں، بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور زمین پر قابل پیمائش اثرات کو یقینی بنائیں۔