جموں وکشمیرمیں مزید سکیئنگ مقامات کی ترقی کے اِمکانات کا بھی لیا جائزہ
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کشمیر میراتھن کی کامیابی کے بعد آج محکمہ سیاحت کی ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ یہاں فروری مہینے میں جموں میراتھن کے اِنعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری سیاحت ، اے ڈی جی پی جموں ،سیکرٹری محکمہ ثقافت ،ایس ایس پی ٹریفک جموں، ڈائریکٹرسیاحت کشمیر ، ڈائریکٹر سیاحت جموں اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اَتل ڈولو نے ریس کے فارمیٹس اور روٹس کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے محکمہ پر زور دیا کہ وہ پیشہ ور رنروں کے علاوہ اس کے اِنعقاد میں شامل دیگر شراکت داروں کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھے۔ُنہوں نے کہا کہ شہر کے علاقے کو مدنظر رکھتے ہوئے راستوں اور فارمیٹ کو وضع کیا جانا چاہیے تاکہ ملک بھر میں اس جگہ کے بارے میں مقبولیت حاصل ہو۔چیف سیکرٹری نے آرگنائزنگ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ جموں میں سرنسر، مانسر اور راستے میں دیگر سیاحتی مقامات کو جوڑنے والے الٹرا ٹریل رن کے انعقاد پر غور کریں۔اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ ان تقریبات کے بیک وقت انعقاد کی تاریخیں طے کریں تاکہ جموں و کشمیر میں رہنے والے مقامی لوگوں کے علاوہ بین الاقوامی اور قومی سطح پر فٹنس کے زیادہ سے زیادہ چاہنے والے شرکت کر سکیں۔اِس موقعہ پرکمشنرسیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے جموں میں اس رننگ ایونٹ کے انعقاد کے محکمہ کے منصوبوں کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے میٹنگ بتایا کہ محکمہ اسے فروری 2025 ء کے دوسرے ہفتے میں منعقد کرنے کی تجویز دے رہا ہے۔ اُنہوں نے کچھ راستوں کی بھی تفصیل سے بتایا جن میں شمال میں نگروٹہ یا جموں شہر کے جنوب میں سچیت گڑھ تک جانے والا راستہ بھی شامل ہے۔مزید انکشاف کیا گیا کہ محکمہ ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرنے کے لئے تشہیری مہم چلانے جا رہا ہے۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ پہلی بار جموں میراتھن کی تشہیری سرگرمیوں کے لئے قومی شخصیات کو شامل کرنے کے اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔بعد میںچیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں مزید سکیئنگ مقامات کی ترقی کے لئے محکمہ کی طرف سے کی گئی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ انڈین انسٹی چیوٹ آف سکیئنگ اینڈ مائونٹین نیئرنگ (آئی آئی ایس ایم) کے ساتھ بین الاقوامی رابطہ قائم کرے تاکہ وہاں سکیئنگ کو فروغ دینے کے لئے پورے یوٹی میںبرف اور ڈھلوانوں میں گلمرگ جیسے کئی جگہیںتلاش کی جاسکے۔میٹنگ بتایا گیا کہ محکمہ اس کھیل کو شروع کرنے کے لئے سناسر (پتنی ٹاپ)، پدری (بدرواہ)، دودھ پتھری اور سونہ مرگ میں سنو ڈریگ لفٹ تیار کر رہا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ مستقبل میں پورے جموں و کشمیر میں اس کھیل کو فروغ دینے کے لئے مزید بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔










