dooran

کشمیر کی صورتحال کنٹرول میں تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔آئی جی سی آرپی ایف

سرینگر//سی آرپی ایف آئی جی نے بدھ کو کہا ہے کہ جموں کشمیر میں حفاظتی صورتحال قابومیں ہے اورامن و قانون کی صورتحال کو بگاڑنے کی کسی کواجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ فورسز کسی بھی چلینج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سی آر پی ایف کے ایک اعلیٰ افسر نے بدھ کو یہاں کہا کہ کشمیر میں حالات قابو میں ہیں کیونکہ تمام سیکورٹی ایجنسیاں مل کر کام کر رہی ہیں۔20 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ سی آر پی ایف کپ سری نگر سیکٹر کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے، سی آر پی ایف (سری نگر سیکٹر) کے انسپکٹر جنرل پی کے شرما نے کہا کہ اس کا مقصد کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رابطہ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا، ’’جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ (کشمیر میں) حالات قابو میں ہیں۔تمام فورسز مل کر کام کر رہی ہیں۔‘‘سی آر پی ایف آئی جی نے یہاں شیر کشمیر اسٹیڈیم میں سی آر پی ایف کپ سری نگر سیکٹر، ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ 16 ٹیمیں – 12 سری نگر ضلع سے، اور دو ٹیمیں بڈگام اور گاندربل اضلاع سے – ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ سی آر پی ایف افسر نے کہا کہ اگلے ماہ ایک فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔