کہا، ریفر کردہ اَسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے اور کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود نے لوگوں کو بہترین صحت خدمات فراہم کرنے پر گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر کی سراہنا کی۔اُنہوں نے کاشڈینٹ ۔2024 میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈینٹل کیئر میں ڈاکٹروں ، پیر امیڈکس ، ٹیکنیکل اور دیگر عملے کے قابلِ تعریف کام کا اعتراف کیا۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ بی ڈِی ایس ڈاکٹروں کا مطالعہ اور رول بھی ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کی طرح چیلنجنگ ہے۔اُنہوں نے اَسامیوں کو پُر کرنے اور2008 ء کے بعد سے خالی اَسامیوں کو پر کرنے کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نوجوان ڈاکٹروں کی توانائی ، صلاحیت اور ہیلتھ کیئرکے تئیں لگن کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی خدمات حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے۔سکینہ مسعود نے کہا کہ ریفر کردہ اَسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے اور کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا۔اُنہوںنے صحت خدمات کو بہتر بنانے اور ہیلتھ کیئر اِداروں میں عملے اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کو ترجیحی طور پر حل کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اِس سے قبل وزیر موصوفہ نے ڈینٹل ٹریڈ ایگزبشن کا اِفتتاح کیا جس میں ملٹی نیشنل اور نیشنل ہیلتھ کمپنیاں شامل ہیں جن میں ایمپلانٹس اور اَدویات سمیت ڈینٹل ہیلتھ کی جدید مصنوعات کی نمائش کی گئی ہے۔سکینہ مسعود نے ڈینٹل کالج کا سووینئربھی جاری کیا اور سینئر ڈاکٹروں کو ان کے مثالی کام پر مُبارک باد دی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے ڈینٹل کالج کے ڈاکٹروں کو صحت خدمات میں اہم رول اَدا کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے کام سے روزانہ سینکڑوں اَفراد مطمئن اور صحتیاب ہو کر اُن کے چہرے خوشی سے کِھل اُٹھتے ہیں ۔اِس موقعہ پر پرنسپل ڈاکٹر اعجاز شاہ نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے کالج کی خدمات اور طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔تقریب میں مختلف میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں، سربراہان ، فیکلٹی اور طلبأنے شرکت کی۔










