جموں//وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کود ، خورک ، شہری رسدات و امورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ ، آئی ٹی اور ایس اینڈ ٹی ستیش شرما نے ایم اے سٹیڈیم میں 35 ویں سینئر نیشنل ٹینس بال کرکٹ چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا۔چمپئن شپ کا انعقاد جموں و کشمیر ٹینس بال کرکٹ ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے اشتراک سے ٹینس بال کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا (ٹی بی سی ایف آئی) کے زیر اہتمام 18 سے 21 ؍نومبر 2024 ء تک کیا ہے۔اِفتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان وکھیل کود راجندر سنگھ تارا، سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل اور دیگر معززین موجود تھے۔اِس موقعہ پر وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف ٹیلنٹ کو اُجاگر کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں سپورٹس مین شپ کے مضبوط جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔اُنہوں نے چمپئن شپ کے لئے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ جموں میں اَپنے قیام سے لطف اندوز ہوں گے اور چمپئن شپ میں ممکنہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ستیش شرما نے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ آنے والے عرصے میں اس طرح کے ایونٹوں کا انعقاد انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے قوی دماغ اور مضبوط جسم کی نشوونما کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں بنیادی ضروریات ہیں۔وزیر موصوف نے کھیلوں میں ٹیم ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا ،’’ کھیل ہمارے اندر ایک ٹیم سپرٹ پیدا کرتا ہے ۔ جتنا زیادہ ہم ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہیں ، ہماری کامیابی کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس ٹیم ورک کی عدم موجودگی ناکامی کے خطرے کو بڑھادیتی ہے۔‘‘اُنہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت کھلاڑیوں کو بہترین معیار کا بنیادی ڈھانچہ اور جدید آلات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو بڑھایا جاسکے۔چمپئن شپ میں 35ٹیموں کے درمیان مسابقتی میچوں کی سیریز ہوگی جس میں ٹاپ پوزیشن اورچمپئن بننے کے اعزاز کے لئے بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں گی۔










