حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی ، سوگوار کنبے کو2.5لاکھ روپے ایکس گریشیا اور 2.5لاکھ روپے کا ایف ڈی آر پیش کیا
بانڈی پورہ//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے آج سنبل بانڈی پورہ جاکر عابدہ لون کے گھر گئیںاہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی، جو گزشتہ ہفتے سری نگر میں گرینیڈ حملے میں زخمی ہونے کے بعد زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔سکینہ مسعود اِیتونے نوجوان عابدہ کے اِس غیر اِنسانی ہلاکت کی شدید مذمت کی جو اَپنے پیچھے تین چھوٹے بچوں کو چھوڑگئی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے مرنے والوں کے لواحقین اور اہل خانہ کے ساتھ گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور انہیں اس مشکل وقت میں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ انہوں نے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون اور سوگوار کنبے کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت کے لئے دعا کی۔ اِس موقعہ پر سکینہ مسعود نے مرحومہ کے شوہر کو2.5 لاکھ روپے کا چیک اور بچوں کی مستقبل کی ضروریات کے لئے2.5لاکھ روپے کا ایف ڈی آر بھی پیش کیا۔اِس سے قبل متاثرہ کنبے کو ڈِسٹرکٹ ریڈ کراس فنڈ سری نگ اور ڈیزاسٹر فنڈ سری نگر کی جانب سے 1.25 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا۔اِس موقعہ پر ایم ایل اے سوناواری ہلال اکبر لون ، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ، ایس ڈی ایم سنبل اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران بھی موجو دتھے۔










