وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر میں دیرپا اور اعلیٰ معیارکی سیاحتی پالیسی پر زور دیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر میں دیرپا اور اعلیٰ معیارکی سیاحتی پالیسی پر زور دیا

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ سیاحت کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا اور جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے میں زیادہ دیر پا اور سیاحتی توجہ مرکوز کرنے کے لئے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی گئی۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل، ناظم سیاحت کشمیر و جموں اور محکمہ سیاحت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری سیاحت نے محکمہ کی کامیابیوں ، تشہیری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا جس میں کشمیر میراتھن ، جی۔ 20 سمٹ ، کشمیر میں ایف 4 کار شو ، جموں میں سنبرن میوزک فیسٹول اور جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کنکلیو 2024 جیسے حالیہ کامیاب ایونٹوں پر روشنی ڈالی گئی۔ دوران میٹنگ سکیئنگ اور ریور رافٹنگ جیسی مہم جو سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اضافی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے سیاحت کو جموں و کشمیر کی معیشت میں ’’ریڑھ کی ہڈی‘‘ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کے لئے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرنے کی اس کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے سیاحت پر مبنی نقطہ نظرکو اپناتے ہوئے سیاحت کو ایڈہاک سرگرمی کے بجائے ایک منظم اور طویل مدتی کوشش کے طور پر دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ،’’ ہمیں سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،لہٰذا سیاحوں کو دوبارہ دیکھنے اور جموں و کشمیر کو ایک منزل کے طور پر تجویز کرنے کا زیادہ امکان ہے۔‘‘اُنہوں نے کلیدی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مسلسل مہمات اورشراکت داروں کی بیدار ی سے کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اور ویسٹ مینجمنٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔دورانِ میٹنگ اُنہوں نے سیاحوں کے اطمینان کو بڑھانے کے لئے اہم سیاحتی مقامات اور اہم مقامات پر اضافی سہولیات اور بیت الخلأ کی سہولیات کی اشد ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں ماحولیات کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرنی چاہئے جو جموں و کشمیر کے منفرد ورثے اور فن تعمیر کا احترام کرے۔‘‘وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے مقدار سے زیادہ معیار پر زور دیتے ہوئے سیاحت کی کوششوں کو اعلیٰ حجم ‘سے ’اعلیٰ قدر‘میں منتقل کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کے لئے نئے مجوزہ مقامات میں باقاعدہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحتی مقامات کی ترقی پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے مقامی کمیونٹی کے ساتھ ہم آہنگی کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ماحولیاتی دیرپایت پر غور کرنے کے لئے تمام سیاحتی منصوبوں کی وکالت کی۔وزیر اعلیٰ نے سیاحوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے اپنے دفتر سے براہ راست منسلک فیڈ بیک پورٹل بنانے کی حامی بھرلی جس سے سیاح اپنے تجربات اور تجاویز کا تبادلہ کرسکیں۔اُنہوں نے صفائی ستھرائی اور بنیادی ڈھانچے کے ضروری معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ہوم سٹے سہولیات کے معمول کے معائینے پر زور دیا تاکہ تمام سیاحوں کے لئے خوش آئند ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں پرساد اور سودیش درشن جیسی مرکزی حکومت کی سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سونہ مرگ میں برف کی بہتات کو دیکھتے ہوئے سکیئنگ منزل کے طور پر اُبھرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اس پر ہماری توجہ کی ضرورت ہے۔اُنہوںنے گلمرگ میں ویسٹ ڈمپنگ سائٹ کی خراب حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ گلمرگ میں ویسٹ مینجمنٹ کی سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنائیں۔وزیراعلیٰ نے گلمرگ کے لئے دیرپا ترقیاتی اقدامات کی تجویز پیش کی اور گنڈولہ سروس کی مزید بہتر بنانے پر زو ردیا۔انہوں نے گنڈولہ سروس ٹکٹنگ میں بدانتظامی کو سنجید ہ لیا جس سے سیاح پریشان ہیں اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کا باعث ب رہی ہے۔اُنہوں نے جے کے کیبل کار کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ ٹکٹنگ کے عمل کو مؤثر انداز میں آسان کرے، ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے اورسیاحوں کو ٹکٹوں کی آسانی سے دستیابی کو یقینی بنائے۔وزیر اعلیٰ نے گرین فیلڈ ٹوراِزم ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں کو شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کو مضبوط بنانے اور سیاحتی مقامات کی منصوبہ بند ترقی کے لئے ہر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے لئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی خاطر فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔