سری نگر//جموں و کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ کنکٹویٹی کو بہتر بنانے اور وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما کے اعلان پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جے کے آر ٹی سی محکمہ نے لال چوک سے حضرت بل درگاہ براستہ برین اشبیر نشاط فورشور روڈ اور ایک بس سروس شروع کی۔اس سے سب کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کی بالخصوص ریاست کے دیہی اور دُور دراز علاقوں میں بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے محکمہ کی جانب سے فوری کارروائی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم شہر کے دیہی اور دور دراز علاقوں سمیت تمام رہائشیوں کے لئے قابل اعتماد اور قابل رسائی عوامی ٹرانسپورٹ کو یقینی بنانے کے ہمارے مقصد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیربالخصوص دور دراز اور سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے جس کا مقصد بڑے پیمانے پر آواجاہی کو بڑھانا، حفاظت اور دیرپایت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مسافروں کو زیادہ رسائی اور سہولیت فراہم کرنا ہے۔










