سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے متعدد ارکان نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔ان میں ایم ایل اے آر ایس پورہ نریندر سنگھ رینہ ، سچیت گڈھ کے ایم ایل اے پروفیسر گھرو رام، گاندھی نگر کے ایم ایل اے چودھری وکرم رندھاوا، جموں ویسٹ کے ایم ایل اے اروند گپتا شامل تھے۔اُنہوں نے وزیر کے ساتھ اپنے متعلقہ حلقوں میں پانی کی فراہمی اور عوام کے دیگر متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے جموں شہر کے کچھ علاقوں میں نجی ٹینکروں کے بے دریغ استعمال کا مسئلہ وزیر کو گوش گزار کیا اور جموں شہر اور اس کے مضافات جیسے بھٹنڈی ، چوڑی ، چنی ، تریکوٹہ نگر ، نروال ، باہو قلعہ ، تالاب تِلو وغیرہ میں پانی کی فراہمی کو معقول بنانے کی درخواست کی۔ملاقات کے دوران اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر سے پائپوں کو اکھاڑ دیا جاتا ہے جس سے پانی کی مناسب اور محفوظ فراہمی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے فصلوں کے موسم کے دوران بالخصوص سچیت گڑھ اور آر ایس پورہ کے سرحدی علاقے میں آبپاشی کے مسائل کو بھی اُجاگر کیا ۔وزیر موصوف نے قانون سازوں کو یقین دلایا کہ حکومت تمام گھروں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ اُنہوں نے آر ایس پورہ میں آبپاشی کے مسائل کو بغیر کسی تاخیر کے حل کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔وزیر جاوید احمد رانا نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی اہمیت کے اہم مسائل کوحل کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام جاری رکھیں۔










