صوبائی کمشنر کشمیر نے بارہمولہ میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائزہ لیا

افسران کو برف کی صفائی، ضروری سامان کے سٹاک کیلئے مضبوط میکانزم کو یقینی بنانے کی ہدایت

بارہمولہ//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے موسم سرما کے قریب آنے کے پیش نظر منگل کو بارہمولہ کا دورہ کیا اور یہاں ڈی سی آفس میٹنگ ہال میں ضلعی افسران کی موسم سرما کی تیاریوں کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا مقصد ضلع بھر میں عوامی سہولیت کے لئے بروقت اِنتظامات کو یقینی بنانا تھا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیر پا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ سید قمر سجاد ،اے ڈی سی بارہمولہ ظہور احمد رینہ اور آر اینڈ بی، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای، صحت، تعلیم، زراعت وغیرہ سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسروں نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیئر کو تفصیلی اپ ڈیٹ پیش کرتے ہوئے آئندہ سرمائی مہینوں میں عوامی سہولیت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے مضبوط انتظامات کا خاکہ پیش کیا۔صوبائی کمشنر کشمیر نے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ وہ شہری اور دیہی سڑکوں پر برف ہٹانے کے لئے فعال منصوبہ بندی کریں اور حکمت عملی وضع تیار کریں۔ اُنہوں نے فوری روڈ کلیئرنس اور رابطے کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری مشینری کی تعیناتی اور وسائل کے مکمل اِستعمال پر زور دیا۔انہوں نے محکمہ پاورڈیولپمنٹ (پی ڈی ڈی) کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سب ڈویژنل مرمت ورکشاپوں میں بجلی کے ٹرانسفارمروں، تاروں اور تیل کا بفر سٹاک برقرار رکھیں تاکہ خراب ٹرانسفارمروں کی بروقت تبدیلی اور مرمت کو ممکن بنایا جاسکے۔ مزید برآں، اُنہوں نے پی ڈی ڈی افسران پر زور دیا کہ وہ صارفین کو غیر محفوظ آلات کے استعمال سے بچنے کے بارے میںآگاہ کرنے کے لئے ایک مہم شروع کریں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سب ڈویژنوں، دور دراز علاقوں اور ضلع سیلز سینٹروں میں راشن، ایل پی جی، پیٹرول اور ڈیزل سمیت ضروری اشیأ کے مناسب ذخیرہ کو یقینی بنائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تمام مقامات پر سپلائی آسانی سے دستیاب ہے۔مزید برآں، اُنہوںنے آر اینڈ بی، پی ڈی ڈی، زراعت، ریونیو، تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مالی سال 2024-25 ء کے لئے ڈِسٹرکٹ کیپیکس کے تحت منصوبوں پر کام میں تیزی لائیں اور آئندہ سرمائی مہینوں سے پہلے تکمیل کو یقینی بنائیں۔