نیشنل کانفرنس کا منشور اور نیا کشمیر کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے /علی محمد ساگر
سرینگر//جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس کا منشور اورنیا کشمیر کا پروگرام یہی رہا ہے کہ عوام کو ہرسطح پرراحت رسانی فراہم ہو۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر شمالی وجنوبی ووسطی کشمیر کے پارٹی کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل وکر م ہے کہ لوگوں کے عظیم اور بے پناہ تعاون سے جو نیشنل کانفرنس کی قیادت کو کامیابی ملی وہ ایک تاریخ ساز قدم ہے ۔اس کے پیش نظر ہم سب پر نئے عوامی نمائندوں اورممبران پریہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں کیونکہ عوام نے ہمیں بھر پور اشتراک سے نوازا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارت پارٹی منشور میں عمرعبداللہ سرکار نے جو وعدے عوام کے ساتھ کئے ہیں ان پر سختی سے عمل کرنا ہمارا سب سے بڑا امتحان ہے اور انشاء اللہ لوگوں کے بھر پور رتعاون سے ہم ان تمام وعدوں کو نبھائیں گے جو ہم نے کئے ہیں ۔انہوں نے اس عزم وارادے کو دہرایا کہ سخت ترین چیلنجوں کے باوجود بھی نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ پُرآشوب حالات میں لوگوں کو مطالبات اور احساسات کی پاسبانی کی ہے کیونکہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے ہر اجتماع اور جلسوں میں یہی دہراتے تھے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ اورسرداری عوام کا حق ہے ۔اسی اصول کی بنا پر نیشنل کانفرنس کو جو بھاری اکثریت ملی ہے وہ اسی کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے اس بات کو بھی دہرایا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کے ان حقوق کی بحالی کیلئے پُرعزم اور متحد ہے اور ریاست کو خصوصی درجہ دلانے کے ساتھ ساتھ آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کیلئے نیشنل کانفرنس وعدہ بند ہے اور جس کیلئے ریاست کے تینوں خطوں کے لوگ منتظر ہیں کیونکہ ریاست کی انفرادی شناخت اور وحدت ہماے لئے وجود کاسوال ہے ۔










