گاندر بل//وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے آج گاندر بل ضلع کا دورہ کیا جہاں ڈاک بنگلہ گاندر بل میں انہوں نے ضلع افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور مختلف عوامی وفود سے بات چیت کی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران اے ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا ایک جامع جائیزہ فراہم کیا جس میں کئی جاری کلیدی منصوبوں کی پیش رفت بھی شامل ہے ۔ ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی نے ضلع میں زیر عمل سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ اس کے بعد مشیر نے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی جنہوں نے سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبوں کی ضرورت ، پلوں کی بروقت تکمیل ، کان کنی سے متعلق مسائل اور ضلع میں قابل اعتماد پورٹیبل واٹر سپلائی کی فراہمی شامل ہیں ۔ان مسائل کا جواب دیتے ہوئے مشیر نے ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی کو ہدایت دی کہ وہ بیہامہ اور توحید چوک کے ساتھ ساتھ بیہامہ تا عمر ہئیر بچ پورہ کے درمیان سڑک کو چوڑا کرنے کے اقدامات کیلئے فوری طور پر ڈی پی آر تیار کریں ۔ انہوں نے سٹریٹجک منصوبہ بندی اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ انتظامی سطحوں پر انتظامات کرنے پر زور دیا ۔ مشیر نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات ، ریگولیٹری اصولوں کے اندر کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے ۔










