وزیر ستیش شرما نے ریاسی ، سندر بنی اور پالن والا کیلئے تین بسوں کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

کہا،حکومت سرحدی اور دُور دراز علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے

جموں//وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے آج جموں کے جے کے آر ٹی سی آفس ریل ہیڈ کمپلیکس سے عام لوگوں کی سہولیت کے لئے 3 بسوں (2 اے سی ، 1 نان اے سی) کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نیرج کمار، ایم ڈی جے کے آر ٹی سی راکیش کمار سرنگل، ٹرانسپورٹ کمشنر بھوانی رکوال، آر ٹی او پنکج باگوترا کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے سینئر افسران اور عملہ موجود تھا۔وزیر نے جن تین بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی ہے وہ مختلف راستوں کا احاطہ کریں گی اور جموں سے ریاسی براستہ ڈسکال، پیان مائرا مندریاں، بس سٹینڈ جموں سے سندربنی اور باوے (جموں) سے پالن والا، پنج توت بس سٹینڈ تک چلیں گی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر حکومت ریاست میںدیرپا عوامی ٹرانسپورٹیشن سسٹم قائم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ بسیں مسافروں کو بہتر ، محفوظ ، آرام دہ اور دیرپا سفر کے تجربے کے لئے متعارف کی گئی ہیں۔ نقل و حمل کے نظام کے قیام کے لئے پرعزم ہے۔وزیرستیش شرما نے اس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموںبالخصوص دُور دراز اور سرحدی علاقوں میںٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے جس کا مقصد بڑے پیمانے پرآواجاہی کو بڑھانا ، حفاظت اور دیرپایت میں اِضافہ کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لئے زیادہ سے زیادہ رسائی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔بعد میں وزیر نے جے کے آر ٹی سی کے سینئر اَفسروں ، اس کے ملازمین اور ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ منعقدکی اور انہیں درپیش مسائل کو بغور سنا۔اُنہوں نے جے کے آر ٹی سی ملازمین کو یقین دِلایا کہ 20 فیصد ڈی اے ہفتوں کے اندر جاری کیا جائے گا اور ان کی اگلی تنخواہ میں شامل کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے جے کے آر ٹی سی ملازمین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت مستقبل قریب میں ان کے تمام جائز مسائل اور مطالبات کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔