road accident

جموں و کشمیر کے بڈگام میں ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک

ادھم پور میں سڑک حادثے میں نرسنگ کے 26 طلبہ زخمی

سرینگر// وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں منگل کو چلتی ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص کی موت ہو گئی۔اس بیچ کشتواڑ ضلع میں منگل کو ایک ٹپر گاڑی کی زد میں آکر دو راہگیر ہلاک ہوگئے۔ادھر اودھمپور ضلع میں ایک گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں 26نرسنگ طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔وائس آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میںصبح 9 بجے کے قریب وتال پورہ ٹریک پر چلتی ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔متوفی کی شناخت 20 سالہ مراد احمد نجار کے طور پر کی گئی ہے جو روسو بڈگام کا رہنے والا ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا۔اس سلسلے میں ایک کیس بھی درج کر لیا گیا ہے، اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء منگل کو ادھم پور ضلع کے فرنا مگجوٹ علاقے میں ایک مسافر گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد نرسنگ کے کم از کم 26 طالب علم زخمی ہو گئے اور ان میں سے دو کی حالت نازک ہے۔عہدیداروں نے جی این ایس کو بتایا کہ ایک مسافر میٹاڈور جس کا رجسٹریشن نمبر JK02S-4087 تھا تیز رفتاری کی وجہ سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور سڑک سے نیچے جا گرا۔اس واقعے میں نرسنگ کی 26 طالبات زخمی ہوئیں، تمام زخمیوں کو جی ایم سی ادھم پور منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔تمام زخمیوں کا تعلق نرسنگ کی طالبات اور زیادہ تر وادی کشمیر سے بتایا جاتا ہے۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ ضلع میں منگل کو ایک ٹپر گاڑی کی زد میں آکر دو راہگیر ہلاک ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ ٹپر (JK17A-2841) نے آج دوپہر دراب شالہ کے قریب پیدل چلنے والوں کی جوڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دوسرے کو شدید چوٹیں آئیں۔زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بلال احمد ولد غلام مصطفیٰ اور عشرت حسین ولد محمد حنیف سکنہ چنگا بھلیسہ کے نام سے ہوئی ہے۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔