Javed Rana reviews functioning of Jal Shakti Department

وزیر جاوید احمد رانا نے محکمہ جل شکتی کے کام کاج کا جائزہ لیا

کام نہ کرنے والوں کو سخت کارروائی کے خلاف انتباہ

سری نگر//وزیر جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا ہے کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے اور ہمیں مقامی سطح پر کمیونٹی کو شامل کرتے ہوئے شفاف طریقے میں اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہیے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج جل شکتی محکمہ کی ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیرجاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت عوام کے لئے شفاف اور جوابدہ حکمرانی قائم کرنے پر یقین رکھتی ہے جنہوں نے موجودہ حکومت سے بہت زیادہ اُمیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر یوٹی کے ہر جگہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں مقررہ اہداف کے حصول میں آگے بڑھنے کے لئے ہر سطح پر مشترکہ کوششوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ناکامیاں اس وقت پیدا ہوتی ہیں جب ہم اَپنی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اِختیار کرتے ہیں اور کوآرڈی نیشن کے بغیر کام کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،’’ مجھے سسٹم پر اعتماد ہے کہ ہم چیلنجوں پر قابو پا لیں گے۔ محکمہ کے افسران جس طرح کام کر رہے ہیں وہ قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔‘‘وزیر موصوف نے جل جیون مشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جے جے ایم ایک باوقار مشن ہے اور مشن کی تکمیل کے لئے مقرر کردہ ٹائم لائن کو پورا کرنے کے لئے سخت کوششیں کی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے وسائل کی محتاط منصوبہ بندی، فنڈز کے منصفانہ اِستعمال اور ضروریات کے مطابق اَفراد اور مشینری کو متحرک کرنے پر زور دیا۔وزیر کو مختلف سکیموں کے مختلف اجزأکے تحت ٹینڈرنگ ، الاٹمنٹ ، کام شروع کرنے کا ضلع وار جانکاری دی گئی ۔ اُنہوں نے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے علاقوں کا سختی سے نوٹس لیا اور متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اَپنی کوششیں تیز کریں اور ڈیڈ لائن کی تکمیل کو یقین بنائیں۔اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ سکیموں کی عمل آوری کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کی اعلیٰ ترین سطح کو برقرار رکھیں اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل نگرانی پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سرٹیفکیشن میں تاخیر، ناقص میٹریل کی سپلائی کے بارے میں کچھ شکایات ملی ہیں جنہیں درست طریقے سے جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی خامیاں ہیں تو ان کو دُور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر موصوف نے صاف پانی کے ذرائع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ قدرتی پانی کے مؤثر اِستعمال کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر ہم پانی کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے ذمہ دار شہری کے طور پر اَپنا کردار اِداکریں تو پانی کے تحفط او ردیر پا ترقی کے لئے حکومت کے عزم کے ثمرات برآمد ہوں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے مؤثر اوردیرپاحکمت عملی تیار کرنا ہو گی ۔ایسا نہ ہو کہ مستقبل میں سنگین چیلنجوںکا سامنا کرنا پڑے۔ اُنہوں نے افسران کو سیلاب پر قابو پانے کے اقدامات اور مٹی کے کٹاؤ پر توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت دی۔اِس سے قبل ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا نے محکمہ کے اِنتظامی ڈھانچے ،سکیموں ،طبعی و مالی پوزیشن ، ڈیجیٹل مداخلتوں کے علاوہ ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے بعد کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ نے مقررہ وقت میں مقاصد کے حصول کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پیرامیٹروںکودوبارہ چیک کرنے کے لئے سکیموں کی تکنیکی فزیبلٹی اور سورس سٹینیبلٹی کے بارے میں تھرڈ پارٹی سٹیڈیزکر رہا ہے۔ میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن، چیف اِنجینئروں (پی ایچ ای، آئی اینڈ ایف سی، آر ٹی آئی سی)، جل شکتی ڈیپارٹمنٹ، سپراِنٹنڈنٹ انجینئروں، ایگزیکٹو اِنجینئروں(سول ، میکنیکل پی ایچ ای، آئی اینڈ ایف سی، آر ٹی آئی سی) اور دیگر افسران نے شرکت کی۔