جموں//چیئر پرسن کھادی اینڈ وِلیج انڈسٹریز بورڈ (کے وِی آئی بی) ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے ادھیوگ بھون میں صوبہ جموں کے ضلعی افسران کی کارکردگی کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلعی افسران اور بورڈ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران پی ایم ای جی پی اور جے کے آر ای جی پی سکیموں کے تحت 22؍ اکتوبر 2024ء تک 3,414 افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے 569 یونٹوں کے قیام کے لئے 17.24 کروڑ روپے کی مارجن منی جاری کی گئی ہے۔چیئرپرسن نے جے کے آر ای جی پی اور پی ایم ای جی پی سکیموں کے اغراض و مقاصد کو معاشرے کے تمام طبقوں میں پھیلانے اور فیلڈ افسران کی فعال شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے ضلعی افسران کو مشورہ دیا کہ وہ بینک کی سطح پر مقدمات کی باقاعدگی سے پیروی کرتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بینک مسترد ہونے کے معاملات کو کم کیا جائے۔اُنہوں نے بعض اضلاع یعنی ریاسی اور رام بن میں سکیموں کے کم استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ وہ مشن پر مبنی نقطہ نظر اپنائیں اور زیادہ سے زیادہ افراد کو آمدنی پیدا کرنے والے منصوبے قائم کرنے کی ترغیب دینے کے لئے مقامی سطح پر بیداری اور حساسیت کی مہمات کا اہتمام کریں۔اُنہوں نے ضلعی افسران سے کہا کہ وہ بینکوں اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ نوجوانوں اور خواہشمندوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔بعدمیں چیئرپرسن نے صوبہ جموں کے زیر عمل کلسٹر کے اَفسران اور شراکت داروں کی ایک میٹنگ طلب کی۔اُنہوں نے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت میں کلسٹروں کے قیام کو یقینی بنائیں کیوں کہ جموں میں قائم مگس بانی کلسٹروں پر عمل درآمد میں پہلے ہی تاخیر ہوچکی ہے۔










