سرینگر// تعلیم ، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ مسعود ایتو نےسول سیکرٹریٹ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم ( ایچ ای ڈی ) کی پہلی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ وزیر نے محکمہ کے کام کاج کا تفصیلی جائیزہ لیا جس میں تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے ، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور انفراسٹرکچر کی ترقی ، آسامیوں کو بھرنے میں محکمہ کو درپیش چیلنجوں اور کامیابیوں کا جائیزہ لیا گیا ۔ وزیر نے مزید کہا کہ طلباء کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے ، وزیر نے کہا کہ افسران کو طلباء کے بہترین مفادات کو ذہن میں رکھنا چاہئیے اور اس مقصد کیلئے کام کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ طلباء کے فائدے کیلئے سخت محنت کریں اور اپنے اداروں کو تعلیمی لحاظ سے علم کے پھیلاؤ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے 51 کالجوں کی تعمیر و ترقی کے بارے میں تفصیلات طلب کیں اور متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ طلباء برادری کے فائدے کیلئے جلد از جلد کام کو تیز کریں ۔ انہوں نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ طے شدہ اصولوں اور رہنما خطوط کے مطابق نئے کالجوں کے قیام کی فزیبلٹی کا جائیزہ لیں ۔ وزیر موصوفہ نے کالجوں کی این اے اے سی ایکریڈیٹیشن کے بارے میں تمام مطلوبہ پیرا میٹرز کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں معلومات طلب کیں اور ان سے کہا کہ وہ ایکریڈیٹیشن کی ضروریات کے مطابق علاقوں کو ترجیح دیں تا کہ جموں اور کشمیر کے تمام کالجوں کو این اے اے سی کی منظوری دی جائے ۔ قبل ازیں وزیر موصوفہ کو ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی جس میں انہیں اعلیٰ تعلیم میں اہم ڈیجٹل مداخلتوں ، اجزاء کے لحاظ سے کیپیکس بجٹ 2024-25 ، قومی تعلیمی پالیسی ، صنعت ۔ اکیڈمی تعاون اور دیگر چیزوںکے ساتھ عہدوں کی حیثیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ انہوں نے کالجوں میں طلباء کیلئے ہوسٹل کی سہولت کا بھی جائیزہ لیا اور کہا کہ تمام زیر تعمیر ہوسٹلز پر کام تیز کیا جائے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ بیمنہ ، کپواڑہ اور پلوامہ ڈگری کالجوں میں لڑکیوں کیلئے تین ہوسٹل زیر تعمیر ہیں ۔ وزیر موصوفہ نے اعلیٰ تعلیم کے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا اور افسران کو بتایا کہ طلباء برادری کے فائدے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری ایچ ای ڈی ، اسپیشل سیکرٹری ایچ ای ڈی ، ڈائریکٹر فائنانس ایچ ای ڈی ، ڈائریکٹر کالجز ایچ ای ڈی ، کشمیر کے کالجوں کے نوڈل پرنسپل نے شرکت کی ۔










