صوبائی اِنتظامیہ نے غیر مقامی مزدوروں پر وادی چھوڑنے کیلئے دبائو ڈالنے کی اَفواہوں کی تردید کی

سری نگر//صوبائی اِنتظامیہ کشمیر نے اِنتظامیہ کی جانب سے غیر مقامی مزدوروں کو کشمیر چھوڑنے پر مجبور کرنے سے متعلق افواہوں کو روکنے کے لئے ایسی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے اسے غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق صوبائی اِنتظامیہ نے مطلع کیا ہے کہ اِنتظامیہ نے وادی میں غیر مقامی کارکنوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے ہیں۔اِنتظامیہ کی جانب سے غیر مقامی مزدوروں کو وادی چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر پھیلائی جانے والی اَفواہیں غلط ہیں۔دریں اثناء، اِنتظامیہ نے سب سے کہا ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں اور وادی میں امن کو درہم برہم اور خراب کرنے کے مفاد پرست افراد کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے مقامی لوگوں سے تعاون طلب کیا ہے۔اِنتظامیہ نے غیر مقامی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔