محکمہ سکولی تعلیم کی تعارفی میٹنگ کی صدارت کی اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا
سری نگر// سکولی تعلیم ، اعلیٰ تعلیم ، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم کی وزارتوں کا چارج سنبھالنے کے بعد سکینہ مسعودنے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سکولی تعلیم کی تعارفی میٹنگ طلب کی جس میں محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔دوران میٹنگ سکینہ مسعود نے محکمہ سکولی تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور محکمہ کے مختلف امور اور مسائل پر بھی غوروخوض کیا۔وزیر موصوفہ نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پورے خطے میں طلبأ کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ہمارا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر طالب علم آج کی سائنسی اور ڈیجیٹل دُنیا کی ضروریات کے مطابق معیاری تعلیم حاصل کرے۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ مسائل کی نشاندہی کرنے اور ان کے لئے جدید حل عملانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔سکینہ مسعود نے محکمہ کے انسانی وسائل سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ تمام سطحوں پر خالی اسامیوں کی نشاندہی کریں اور انہیں جلد از جلد پُر کرنے کے لئے بھرتی ایجنسیوں کو بھیجیں۔اُنہوں نے دونوں ڈائریکٹروں سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ صوبوں میں اساتذہ کے لئے تربیتی ماڈیولز ترتیب دیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اساتذہ جدید ترین تعلیمی مہارتوں سے آراستہ ہوں۔وزیر موصوفہ نے محکمہ کے بنیادی ڈھانچہ اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ڈائریکٹروںپر زور دیا کہ وہ تمام گرلز ہاہوسٹلوں میں سہولیات کو اَپ گریڈ کریں اور تمام تعلیمی اِداروں میں بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر قائم کی جائیں۔دورانِ میٹنگ سکینہ مسعود نے محکمے میں شفافیت اور جوابدہی کے عزم کا اِظہار کیا اور تمام افسران کو ہدایت دی کہ فائلوں میں تاخیر کسی بھی صورت میںبرداشت نہیں کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ تعلیم ایک اہم شعبہ ہے جو سماجی ترقی کا مرکز ہے اور ہمیں اَپنے معاشرے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے مکمل عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم، چیئرمین ایس سی ای آر ٹی ، سیکرٹری جے کے بی او ایس ای ، ڈائریکٹر سکولی تعلیم ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا اور محکمہ سکولی تعلیم کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔










