ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

شوپیان// ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں محمد شاہد سلیم ڈار نے جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج منی سیکرٹریٹ میں ضلعی اور سیکٹورل افسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔اُنہوںنے جاری کاموں کی محکمہ وار پیش رفت کا جائزہ لیا اور کام کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے عوامی فائدے کو آگے بڑھانے کے لئے محکموں کے سربراہان سے نئے کاموں، اَپ گریڈیشن، رِی ماڈلنگ، تزئین و آرائش اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے تقاضے بھی طلب کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ افسران کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی سرگرمیوں میں سب سے آگے اور فعال ہونا چاہئے اور نتیجہ خیز ہونے کے لئے اسے ترجیح دینا چاہئے۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر ناصر احمد لون، اے سی آر، سی پی او اور دیگر ضلعی ،سیکٹورل اور بلاک سطح کے افسران نے بھی شرکت کی۔