دیگر شعبوں کے تحت کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ڈی سی آفس میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلعی سرمایہ کاری بجٹ 2024-25 ء کے مختلف اجزأ کے تحت کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے شروعات میں ضلع ترقیاتی کمشنرنے آر اینڈ بی، مویشی پروری، ریونیو، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے 2024-25 ء کے ڈِسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت ڈیلیوری ایبلز کی پیش رفت کا تفصیلی سیکٹر وار جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کو محکموں کے سربراہان کی جانب سے الاٹ کئے گئے کاموں، ٹینڈروں اور دیگر شعبوں میں مکمل کئے گئے کاموں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔منگا شیرپا نے انفرادی محکمے کے کام کے لحاظ سے جائزہ لینے کے بعد متعلقہ محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ آنے والے موسم سرما کے پیش نظر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔دریں اثنا ، ضلع ترقیاتی کمشنر نے موجود اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مالی برس 2024-25ء کے لئے مقرر کردہ ترقیاتی اہداف کو مقررہ مدت کے اندر پورا کریں۔مزید برآں، منگا شیرپا نے محکموں کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ زمینی مسائل اور دیگر معاملات سے متعلق کسی بھی رکاوٹ کو حل کرنے کے لئے مؤثر طریقے سے مربوط ہوں جو ترقیاتی اقدامات کی پیش رفت میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔










