سرینگراسمارٹ سٹی مشن کے تحت پہلے ہی دریائے جہلم میں سونہ وار سے چھتہ بل کناروں کی تزائن کا کام جاری ہے
سرینگر//دریائے جہلم میں آلودگی کے خلاف جنگ تیز کرتے ہوئے یو ٹی حکومت نے اس کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت، گھریلو اور صنعتی گندے پانی کے تدارک اور اسے دریائے میں جانے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ ’ قومی تحفظ دریا منصوبے(نیشن رئیور کنزرویشن پلان) کے تحت رواں مالی سال میں چونٹھ کوہل اور گاو کدل پروجیکٹوں کیلئے یو ٹی حصص کے طور پر ایک کروڑ60 لاکھ روپے واگزار کئے گئے جبکہ مرکزی حکومت نے اس منصوبے کیلئے رواں مالی سال میں13کروڑ35 لاکھ75ہزار روپے کی پہلی قسط کو مرکزی حصص کے طور پر واگزار کیا ہے۔محکمہ شہری ترقی و مکانات نے رقم کو واگزار کر دیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ اسے جلد از جلد خرچ کیا جائے۔واگزار کی گئی رقم کا استعمال مشروط ہوگا جبکہ اس رقم کو پروجیکٹ کے رہنما خطوط کے مطابق اور اس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا جس کے لیے اسے منظور کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جہاں بھی قابل اطلاق ہوگا، ای ٹینڈر طلب کی جائے گی جبکہ مرکزی حکومت کی طرف سے جاری اقتصادی ہدایات کی تعمیل کی جائے گی۔ رقومات کسی بھی دوبارہ تخصیص یا مد میںمنتقلی کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ تمام ضابطہ اخلاق کا مشاہدہ کرنے اور مجاز حکام کی جانب سے انتظامی منظوری کے بعد الاٹمنٹ کی لاگت کو اخرجات زمینی سطح پر صرف کرنے کے بعد درج کیا جائے گا۔ پروجیکٹ کے تحت سرگرمیوں کا جوڈ دیگرمرکزی معاونت والی اسکیموں اوریو ٹی حکومت کے تحت جاری کسی بھی دیگر اسکیموں کی سرگرمیوں کے ساتھ نہیں ہونا چاہے۔ان رقومات سے تعمیر کئے گئے اثاثوں کو مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر استعمال میں نہیں لایاجائے گا جبکہ اخراجات حاصل شد زمینی سطح پر ترقی کے مطابق ہوں گے۔ فنڈز کا استعمال اسکیموں کے نفاذ کے لیے سختی سے اصل منظور شدہ مدوں کے مطابق، مرکز کی تجویز کردہ رہنما خطوط اور مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے مطابق کیا جائے گا۔ پروجیکٹ میںنگرانی کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور پراجیکٹ کے نفاذ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تیسرے فریق کے معائنہ کے نظام کو لاگو کیا جائے گا اور ان کی رپورٹوں کی مسلسل بنیادوں پر جانچ پڑتال کی جائے گی اور مناسب کارروائی کی جائے گی تاکہ انتظامی محکمہ کی مشاورت سے کاموں کی پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔۔سری نگر شہر میں 54 نکاسی پانی کے پلانٹ ہیں اور دریائے جہلم میں 32 پلانٹوں کا پانی جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دریائے جہلم کی آلودگی کو روکنے کیلئے ماحولیاتی بنیادی ڈھانچے کے کاموں کو وضع کرکے گھریلو اور صنعتی گندے پانی کو روکنے،منتقلی کیلے اقدامات کیے جائیں۔سرینگراسمارٹ سٹی مشن کے تحت پہلے ہی دریائے جہلم میں سونہ وار سے چھتہ بل کناروں کی تزائن کا کام جاری ہے۔










