engineer rashid

ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت میں 28اکتوبر تک توسیع

این آئی اے کے وکلاء نے توسیع کی ترخواست پر کوئی اعتراض نہیں جتایا

سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کو دلی کی عدالت نے 28اکتوبر تک توسیع کردی ہے ۔ ایم پی انجینئر رشید ٹرر فنڈ کے معاملے میں تہاڑ جیل میں قریب پانچ برس تک قید رہے تھے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ شیخ عبدالرشید، جسے انجینئر رشید کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ٹررفنڈنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے رشید کے والد کی صحت کی حالت کی بنیاد پر یہ حکم سنایا، جب نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے کہا کہ اس نے دستاویزات کی تصدیق کی ہے اور وہ درخواست کی مخالفت نہیں کر رہی ہے۔جج نے کیس میں رشیدکی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر حکم بھی 28 اکتوبر تک موخر کر دیا۔موصوف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ آخری موقع تھا جب ان کے موکل نے توسیع کی درخواست کی تھی۔وکیل نے کہا کہ این آئی اے نے ان کے مؤکل کی طرف سے کسی بھی شرط کی خلاف ورزی کا الزام نہیں لگایا۔واضح رہے کہ انجینئر رشید نے لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت سے عمر عبداللہ اور سجاد غنی لون کو شکست دی تھی حالانہ انجینئر رشید اُس وقت بھی تہاڑ جیل میں ہی بند تھے ۔ اس کے بعد انہیں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دو دنوں کی حراستی ضمانت دی گئی تھی اور پھر اس کی عبوری ضمانت کورٹ نے منظور کی ۔