ہندوستان بھر سے 50 فن کار حصہ رہے ہیں اور آرٹ سے محبت کرنے والوں کو محظوظ کریں گے
جموں//پرنسپل سیکرٹری ثقافت و سکولی تعلیم سریش کمار گپتا نے آج جی آر سنتوش گیلری کلا کیندر میں ’’ویلی سٹی‘‘ کے عنوان سے تین روزہ بین الاقوامی ایگزی بیشن اینڈ ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔ آرٹ ایکسپریس گجرات کے اِشتراک سے کلا کیندر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں دُنیا بھر سے معززین، فن کاروں اور آرٹ سے محبت کرنے والوں نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا نے اَپنے خطاب میں اِس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب نہ صرف ایک نمائش کے طور پر کام کرتی ہے بلکہ مقامی فن کاروں اور ہندوستان بھر کے 40 بصری فن کے ماہرین کے درمیان بات چیت کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ اُنہوں نے تعلیم میں آرٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ سیشنوں میں اِس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ بصری فنون کس طرح ثقافتی تفہیم اور ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں۔اُنہوں نے مقامی نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ ورکشاپ جموںوکشمیر کے آرٹ طلبأ کے لئے مفت کھلی ہے جس سے انہیں سیکھنے کا ایک منفرد موقعہ فراہم ہو گا۔ اُنہوں نے مزید یقین دِلایا کہ کلا کیندر کو آر ٹ کے ایک متحرک کیندر کے طور پر تیار کیا جائے گا اور نمائش میں فن کاروں کے تعاون کی سراہنا کی۔اِس موقعہ پر یودویر سیٹھی اور پریا سیٹھی نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔کیوریٹر اور آرٹ ایکسپریس گجرات ایگزبیشن کی نمائندہ ڈاکٹر ببیتا ہڈا نے بتایا کہ اِس منفرد تقریب میں ہندوستان بھر سے 50 فن کار حصہ لے رہے ہیں۔اِس تقریب میں کے کے گاندھی، رچا گپتا اور راج کمار چوہان جیسے ممتاز فن کاروں نے بھی تقاریر کیںجنہوں نے اَپنی معلومات کا اِظہار کیا اور اِس اَقدام کی سراہنا کی۔آرٹ ایگزی بیشن کم ورکشاپ’’ ویلی سٹی‘‘ اگلے دودِن تک جاری رہے گی۔اِس سے قبل سیکرٹری کلا کیندر سوسائٹی ڈاکٹر جاوید راہیؔ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نمائش میں ہندوستان کی تمام ریاستوں اور یوٹیز کی نمائندگی کرنے والے 90 فن کاروںکے 150 فن پارے رکھے گئے ہیں۔اِس نمائش میں مصر، وینزویلا، ارجنٹائن، پیرو، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، تائیوان، نیپال اور پولینڈ سمیت 10 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فن کاروں کا تعاون شامل ہیں۔










