ڈمپر کی ٹکر سے دو کمسن بچے جاں بحق ، آبائی علاقوں میں کہرام
سرینگر // جنوبی ضلع کولگام کے دمحال ہانجی پورہ میں ایک المناک سڑک حادثے میں دو کمسن بچے جاں بحق ہو گئے ۔ سی این آئی کو نمائندے نے پرویز وانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دمحال ہانجی پورہ میں اس وقت دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے راہ چلتے دو کمسن بچوں کو ٹکر مار دی ۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ دمحال ہانجی پورہ میں سابق ممبر اسمبلی عبدالمجید پڈرکی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ڈمپر گاڑی نے دونوں بچوں کو ٹکر مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دونوں کمسن بچوں جن کی شناخت 13سال کی ملیہ اعجاز دختر اعجاز احمد وانی ساکنہ ڈی ایچ پورہ اور تین سال کی آئمن اعجاز دختر اعجاز احمد ہلہ ساکنہ یارو کولگام کے بطور ہوئی کو شدید زخمی حالت میں علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملہ کی نسبت کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈمپر ڈرائیور کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے ۔ اسی دوران جونہی دونوں کمسن بچوں کی نعشیں آبائی علاقوں میں پہنچائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی اور ان کے والدین پر قیامت صغری بپا ہوئی ۔










