dooran

نئے منتخب ممبران اسمبلی میں 84 فیصد کروڑ پتی

طارق قرہ سر فہرست،معراج ملک سب سے غریب

سرینگر//جموں و کشمیر میں نئے منتخب ممبران اسمبلی میں 84 فیصد کروڑ پتی ہیں۔انکی مالی حیثیت میں 2014 کے مقابلے میں 9 فیصد کا اضافہ ہے۔ایسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمزکے مطابق، ان ممبران اسمبلی کی اوسط اعلان کردہ اثاثے 11.43 کروڑ روپے ہیں، جبکہ گزشتہ ایک دہائی میں یہ اوسط 4.56 کروڑ روپے سے دوگنا ہو چکی ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمیدکرہ اور بی جے پی لیڈر دیوندر رانا ان میں شامل ہیں، جن کے اثاثے 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ طارق حمید کارہ، جو سینٹرل شالہ ٹینگ سے منتخب ہوئے، نے 148 کروڑ روپے کے اثاثوں کا اعلان کیا اور وہ جموں کشمیرکے سب سے امیر ممبر اسمبلی ہیں۔ بی جے پی کے دیوندر رانا، جو نگروٹا حلقے سے منتخب ہوئے، 126 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی مشتاق احمد گورو، جو چھانہ پوراہ نشست سے منتخب ہوئے، 94 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے امیر ترین ہیں۔ دوسری طرف، عام آدمی پارٹی کے معراج ملک، 29,070 روپے کے خالص اثاثوں کے ساتھ سب سے غریب رکن اسمبلی ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی جاوید احمد مرچل، جو کرناہ سے منتخب ہوئے، 3 لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے غریب ایم ایل اے ہیں۔ ان کے پارٹی ساتھی ظفرعلی کھٹانہ، جو ککرناگ سے منتخب ہوئے، 34 لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔