ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے کیپکس بجٹ 2024-25 ء کے تحت کاموں کا جائزہ لیا

کٹھوعہ//ضلع ترقیاتی کمشنرکٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں ڈِسٹرکٹ کیپیکس بجٹ 2024-25 ء کے تحت ترقیاتی محکموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ہر شعبے کا تفصیلی جائزہ لیا اور ترقیاتی اور غیر تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں رائے طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے محکمہ وار جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے زیرِ اِلتوأ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو ترجیح دیں۔اُنہوں نے رواں برس ڈسٹرکٹ کیپیکس کے تحت کئے جانے والے نئے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ ٹینڈرنگ اور کاموں کی الاٹمنٹ کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں کیوں کہ اَب ایم سی سی کی پابندی ختم ہوگئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران اور عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیاکہ وہ مانیٹرنگ اور فالو اَپ کے لئے باقاعدگی سے حاصل ہونے والی پیش رفت کے بارے میں رپورٹ پیش کریں۔اُنہوں نے تمام محکموں کے رول کو مزید اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیپیکس کے تحت شروع کئے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ محکموں کی جانب سے مربوط کوششوں اور اہداف کی بروقت تکمیل کے لئے زمینی سطح پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفس ، چیف ایجوکیشن آفیسر ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ، ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، سی اِی او کٹھوعہ ، ایم سی کٹھوعہ ، لکھن پور اور نگری کے اِی اوز اور ضلع کے دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔