farooq abdullah

جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف

جموں کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ ہوگا ، واضح منڈیٹ دینے پر لوگوں کے شکر گزار / ڈاکٹر فاروق عبد اللہ

سرینگر // جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ہیں کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اعلان کیا کہ جموں کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ ہوگا ۔ سی این آئی کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اعلان کیا کہ پارٹی اتحادی کانگریس کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں برسراقتدار آنے کی راہ دیکھ رہی ہے۔اپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر نے یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ ہوں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ 5 اگست 2019 کے فیصلے انہیں قبول نہیں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ میں سب کا شکر گزار ہوں کہ لوگوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور آزادانہ طور پر ایسا کیا۔ میں نتائج کے لیے اللہ کا شکر گزار ہوں۔‘‘سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ منتخب حکومت کو لوگوں کے ’’مصائب ‘‘کو ختم کرنے کے لیے بہت زیادہ کام کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا ’’ہمیں بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے اور مہنگائی اور منشیات کی لعنت جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔ اب، کوئی ایل جی اور ان کے مشیر نہیں ہوں گے۔ اب 90 ممبر اسمبلی ہوں گے جو لوگوں کے لیے کام کریں گے۔