سکل ڈیولپمنٹ اور معیاری خدمات پر زور دیا
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ وِکاس کنڈل نے بچوں کی نگہداشت کرنے والے اِداروں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع اقدام کے ایک حصے کے طور پر چائلڈ کیئر اِنسٹی چیوٹ فار گرلز ’’ پریشا‘‘ کا دور کیا ۔اِس وقت اِنسٹی چیوٹ میں 38 لڑکیاں رہائش پذیر ہیں اور اس دورے کا مقصد ان کی مجموعی صحت کو یقینی بنانا اور اُنہیں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِنسٹی چیوٹ کا تفصیلی دورہ کر کے ہر شعبے کا معائینہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سہولیات مطلوبہ معیار پر پورا اُترتی ہیں۔ اُنہوں نے فوڈ روسٹر کا تفصیلی جائزہ لیا، غذائی تغذیہ کے معیار کو چیک کیا اور باورچی خانے میں حفظان صحت کے سخت پروٹوکول کویقینی بنایا۔ ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسرپونچھ کو قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک اور تعلیمی وسائل کے معیار میں فوری بہتری لانے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران لڑکیوں کی ہمہ جہت ترقی کے فروغ کے لئے سکل ڈیولپمنٹ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے بچوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی جنہوں نے خوش اسلوبی سے بات چیت کی اور اَپنے مسائل ، خواہشات اورضروریات کا اِشتراک کیا۔لڑکیوں نے بالخصوص اَپنی پڑھائی میں مدد کے لئے وائی فائی تک رسائی کی ضلع ترقیاتی کمشنر کو درخواست کی اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے درخواست کو فوری طور پر حل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اُنہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے اِنسٹی چیوٹ کے عملے سے بھی بات چیت کی اورتعلیمی معیار اور دیگر معاون خدمات پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے تعلیمی ماحول میں مسلسل بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ لڑکیوں کو ترقی اور سیکھنے کے بہترین مواقع حاصل ہوں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے ہمراہ ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل بٹ اور ڈِسٹرکٹ ٹیکس آفیسر قرۃُ العین سمیت دیگر سینئر افسران بھی تھے۔










