اس الیکشن میں لوگوں کی شرکت جموں و کشمیر کے ’’سنہری مستقبل‘‘ کی راہ ہموار کرے گی/ وزیر اعظم مودی
سرینگر // جموں کشمیر میں جاری اسمبلی انتخابات کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام ووٹروں پر زور دیا کہ وہ ’’جمہوریت کو مضبوط‘‘کرنے کیلئے بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں بدھ کی صبح دوسرے مرحلہ کیلئے اسمبلی انتخابات کی شروعات کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنا ووٹ ڈالیں ۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے لکھا ’’ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنا ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا ’’ اس موقع پر، میں ان تمام نوجوان دوستوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیںاور کہا کہ اس الیکشن میں لوگوں کی شرکت جموں و کشمیر کے ’’سنہری مستقبل‘‘ کی راہ ہموار کرے گی۔ خیال رہے کہ آج کشمیر صوبے کے گاندربل، سرینگر اور بڈگام اور جموں صوبے میں ریاسی، راجوری اور پونچھ کے چھ اضلاع کے 26 اسمبلی حلقوں کے تمام 3502 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام کو 6بجے اختتام پذیر ہوئی ۔ ادھر بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے بھی ایکس پر لکھا’’ میں تمام ووٹروں، خاص طور پر نوجوان دوستوں سے، جو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈال رہے ہیں، بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں۔ آپ کا ہر ووٹ یہاں خدمت، گڈ گورننس اور ترقی کو قائم کرے گا اور ہمیں کرپشن، اقربا پروری اور انارکی سے نجات دلائے گا۔ جموں و کشمیر میں ہمیشہ پھلتی پھولتی جمہوریت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ‘‘










