dooran

جموں کشمیر بینک کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری

حکومت نے مناسب سفارشات پیش کرنے کیلئے تین رکنی سرچ کمیٹی تشکیل دی

سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر بینک کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کیلئے مناسب سفارشات پیش کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔اس کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی محکمہ کریں گے۔سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر بینک کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کیلئے حکومت جموں کشمیر متحرک ہو گئی ہے اور نئی تقرری کیلئے مناسب سفارشات پیش کرنے کیلئے تین رکنی سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔اس ضمن میں جاری ایک حکمنامہ میں لکھا گیا ’’ جموں کشمیر بینک کے ایم ڈی اور سی ای او کی تقرری کیلئے مناسب سفارشات پیش کرنے کیلئے مندرجہ ذیل افسران پر مشتمل ایک سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی محکمہ بطور چیئرمین، حکومت کے پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ اور کمشنر/سیکرٹری برائے حکومت، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اس کے ممبران کے طور پرہونگے ‘‘۔ حکمنامہ میںمزید لکھا گیا ہے کہ کمیٹی دو ناموں کے مزید انتخاب کیلئے چار نام تجویز کرے گی جو مجاز اتھارٹی کے ذریعے آر بی آئی کو ایم ڈی اور سی ای او جے اینڈ کے بینک کے عہدے کیلئے سفارش کی جائے گی۔