ملک کے عوام جناح کے آئین کو جموں و کشمیر میں لاگو نہیں ہونے دیں گے/ جی کیشن ریڈی
سرینگر// جموں و کشمیر میں کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کے سنیئر لیڈر اورسابق وزیر جی کیشن ریڈی نے کہا کہ دونوں جماعتیں دفعہ 370 کو بحال کرکے ’’جناح آئین ‘‘کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔سی این آئی کے مطابق خبر رساں ادارہ اے این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر جی کیشن ریڈی نے کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے نیشنل کانفرنس کی طرف سے جاری کردہ منشور میں انہوں نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ دفعہ 370 کو بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’ یہ غلط ہے کہ کانگریس نیشنل کانفرنس آئین جس کو بابا صاحب امبیڈکر کا، جسے وزیر اعظم مودی نے 70 سال بعد لاگو کیاکو ہٹا کر جناح کے آئین کو نافذ کرے گی‘‘۔ کشن ریڈی نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس نے ہندوستانی آئین کی مختلف دفعات پر عمل درآمد نہ کرکے جموں و کشمیر کے کمزور طبقات کے حقوق چھین لیے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ کانگریس پارٹی نے یہاں درج فہرست ذات کے لوگوں، خواتین، گجروں کے ساتھ 70 سالوں سے ناانصافی کی ہے۔ ان کے حقوق چھین لیے ہیں۔ نہرو، عبداللہ، اور مفتی خاندان بدعنوان پارٹیاں ہیں، وہ دہشت گردوں کی حمایت کرنے والی جماعتیں ہیں۔ ملک کے عوام جناح کے آئین کو جموں و کشمیر میں لاگو نہیں ہونے دیں گے‘‘ ۔










