لڑائی ہم اکیلے نہیں لڑ سکتے ہیں، اس کیلئے عوام کے بھر پور تعاون اور اشتراک کی ضرورت / عمر عبد اللہ
سرینگر // جموں وکشمیر کے عوام کیساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی ہے اور یہاں کے عوام کو انصاف دلانے کی جدوجہد آسان نہیں ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ یہ لڑائی ہم اکیلے نہیں لڑ سکتے ہیں، اس کیلئے عوام کے بھر پور تعاون اور اشتراک کی ضرورت ہے اور تبھی ہم اس کاروان کو آگے بڑھا کر یہاں کے عوام کی خوشحالی، فارغ البالی، وقار ،پہچان اور عزت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم جب بات کرتے ہی تو کسی ایک کی بات نہیں کرتے ہیں، ہم جب کوئی کام کرتے ہیں تو کسی ایک مخصوص طبقہ یا علاقے کیلئے نہیں کرتے ہیں، ہم جوبھی کرتے ہیں ہر ایک کیلئے کرتے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق بڈگام میں ایک شاندار روڑ شو کی قیادت کے دوران خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ ہم اُن طاقتوں کیخلاف لڑ رہے ہیں، جو ہمیں تباہی اور بربادی کی طرف کھینچ کر لے گئے اور جنہوں نے جموں وکشمیر کو تہس نہس کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی۔ جہاں ہم دفعہ370 ، ریاستی درجہ اور قیدیوں کی رہائی کو لیکر سیاسی باتیں کرتے ہیں وہاں ہمیں یہاں کے عوام کے روزمردہ کی پریشانیوں کا بھی احساس ہے ،جن کا ازالہ موجودہ حکومت کر نہیں پارہی ہے، ہم ان کا حل نکالنے کی بات بھی کرتے ہیں۔ یہاں گزشتہ 10سال میں اگر کچھ ہوا، تو پکڑ دھکڑ ہوئی، مار دھاڑہوئی، گرفتاریوں ہوئی، پی ایس اے کے کیس لگے۔ ہم نے اپنے منشور میں وعدہ کیا ہے کہ ہماری حکومت آتے ہی پی ایس اے کے قانون کو ختم کریں، تاکہ دوبارہ اس کا غلط استعمال نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشو رمیں عوام کی راحت کے وعدے لئے ہیں، ہم نے ایک لاکھ نوکریاں دینے کی بات کی ہے، مفت تعلیم جو ہمیں شیر کشمیر نے وراثت میں دی تھی، ایک ایک کرکے اس کا سلسلے کو بند کردیا، نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں وعدہ کیا ہے یونیورسٹی سطح تک مفت تعلیم کو دوبارہ رائج کیا جائے گا۔ آج ہر ایک گر بجلی فیس کے اضافے سے دبائو محسوس کررہاہے، ہم نے اس کا علاج بھی اپنے منشور میں رکھا ہے اور ہر گھر کو 200یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا وعدہ کیاہے۔ ہم نے معیشی طور پسماندہ گھرانوں کو سالانہ 12سلینڈر گیس دینے کا وعدہ کیا ہے، ہم نے گوجر، بکروال اور پہاڑیوں کے جنگلات کے حقوق کی بحالی کا وعدہ کیا ہم نے کشمیر کی سیب صنعت کو بچانے کا تہیہ کر رکھا ہے ،نیز ہم جموںوکشمیر کے عوام کو ہر سطح پر راحت پہنچانے کیلئے پُرعزم ہیں ۔اُن کے ہمراہ پارٹی ٹریجرر شمی اوبرائے، ضلع صدر بڈگام غلام نبی بٹ اور پارٹی لیڈر آغا سید یوسف بھی تھے۔










