مودی حکومت جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے کو بھی پورا کرے گی/ ٹھاکر
سرینگر // جموں و کشمیر میں مکمل تبدیلی کا سارا سہرا مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے جمہوریت میں تبدیل کر دیا گیا تھا اور اب زمینی صورتحال میں بڑی تبدیلی آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں جموں و کشمیر میں انتخابات کو لیکر بے پناہ جوش و خروش ہے۔ ملک کے باقی حصوں کی طرح یہاں بھی کمل کھلے گا کیونکہ ہندوستانی اتحاد کے لوگ ملک کو ذات پات، مذہب، علاقہ اور زبان کے نام پر تقسیم کرتے ہیں اور ہم ان کو متحد کرتے ہیں۔سی این آئی کے مطابق جموں کے ایک انگریزی روزنامہ کے ساتھ خصوصی انٹرو یو میں سابق مرکزی وزیر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے پہلے ہی مودی سرکار کے 370 اور 35A کو منسوخ کرنے کے فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ پنچایت، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات میں حصہ لیا اور جموں و کشمیر میں جمہوریت کو کچلنے والی نیشنل کانفرنس ،کانگریس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سمیت تین خاندانی جماعتوں کو مسترد کرکے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا۔خاندانی جماعتوں پر سخت حملہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دوران جموں و کشمیر میں طویل عرصے کے بعد بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی انتخابات ہوئے تھے اور سابقہ ریاست میں نچلی سطح پر جمہوریت مضبوط ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کے بنیادی اداروں کو مضبوط کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے وہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے کو بھی پورا کرے گی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کی ترقی کو خاندانی پارٹیوں نے روک دیا تھا جبکہ مودی جی نے جموں و کشمیر کی ترقی کو نئے بازو دیے ہیں۔ آج دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد جموں و کشمیر دراصل ہندوستان میں شامل ہو کر آگے بڑھ رہا ہے۔ پچھلے سال 2 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ سیاح جموں و کشمیر آئے تھے۔ آنے والے سالوں میں یہ تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی‘‘۔ انہو ں نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ مودی جی نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے جذبے سے کام کیا ہے‘‘۔ مودی جی نے جموں و کشمیر میں گجر بکروال برادری کو وہ حقوق دلانے کا کام کیا ہے جو کانگریس نے 70 سال سے نہیں دیا۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا’’دفعہ 370 اور 35A نہرو جی اور کانگریس کی غلطیاں تھیں جس کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور ہم نے اپنے بہت سے بہادر سپاہیوں کو کھو دیا۔ مودی جی نے اپنی غلطیوں کو سدھار لیا ہے۔ ہم نے جموں و کشمیر میں پنچایتی انتخابات کرائے تھے۔ آج جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں 75 فیصد کمی آئی ہے اور پتھراؤ رک گیا ہے۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مودی جی کی قیادت میں ہماری حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے بنیادی منتر کے ساتھ کام کیا ہے۔










