جموں و کشمیر کے طبی اِداروں میں مریضوںکی نگہداشت، تعلیمی اور تحقیق کو بہتر بنانے کے لئے ایک واضح روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا
سری نگر//شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ نے اپنی نوعیت کے پہلے پہل میں جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں (جی ایم سی) کے پرنسپلوں کے پہلے کنکلیو کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر نیشنل اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز (این اے ایم ایس) نیٹ ورک کا اِفتتاح اور کنٹی نیونگ میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) پروگرام بھی منعقد ہوا۔اِس موقعہ پرصدر این اے ایم ایس پروفیسر شیو کمار سرین مہمان خصوصی تھے جبکہ سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ اِس تاریخی تقریب کے ڈائریکٹر سکمز اینڈ ای او ایس جی ڈاکٹر محمد اشرف گنائی میزبان تھے۔ یہ بات قابل ذِکر ہے کہ حکومت نے چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی ہدایت پر حال ہی میں ڈائریکٹر سکمز کی صدارت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام نئے قائم شدہ میڈیکل کالجوں میں تیسرے درجے کی دیکھ دیکھ کی خدمات کا جائزہ لے گی اور ان میڈیکل کالجوں کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرے گی تاکہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی خدمات کو اَپ گریڈ کرسکیں۔ڈاکٹر سیّد رشید نے کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے شرکأکا خیرمقدم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے طبی اِداروں میں مریضوںکی نگہداشت، تعلیمی اور تحقیق کو بہتر بنانے کے لئے ایک واضح روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِن اِداروں پر زور دیا کہ وہ گرے ایریاز کی نشاندہی کریں اور تعلیمی تحقیق کے معیار کو بڑھانے کے لئے قابل عمل منصوبہ تیار کریں۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے ان اقدامات کے سپورٹ اور نشاندہی شدہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹر محمد اشرف گنائی کی قیادت میں سکمز اِنتظامیہ کو اِس منفرد تقریب کے اِنعقاد پر سراہا۔ ڈائریکٹر سکمز اینڈ ای او ایس جی ڈاکٹر ایم اشرف گنائی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی ٹیم تمام شراکت داروںکے ساتھ مل کر ایس ڈبلیو او ٹی تجزیے کے سائنسی نقطہ نظر کے ذریعے خامیوں کو دور کرنے کے لئے ایک سٹریٹجک منصوبہ تیار کرے گی۔ اِس منصوبے میں خلا کی نشاندہی، فنڈز حاصل کرنے اور مؤثر حل تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اِس موقعہ پر صدر این اے ایم ایس ڈاکٹر شیو کمار سرین نے جموں و کشمیر اور لداخ کے لئے این اے ایم ایس نیٹ ورک کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سرین نے خطاب کرتے ہوئے این اے ایم ایس کے اقدامات، سرگرمیوں اور اس کے عالمی نیٹ ورک پر روشنی ڈالی جو تعلیمی تحقیق، تبادلے کے پروگراموں، تعاون اور فیلوشپ کی سہولیت فراہم کرتا ہے۔ این اے ایم ایس انڈیا کے بینر تلے منعقدہ سی ایم ای پروگرام میں معلومات افروز پرزنٹیشنوں اور مباحثوں کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا جس کی صدارت ایس کے آئی ایم ایس کے کنوینر این اے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز اے ملک نے کی۔سکمز میں این اے ایم ایس نیٹ ورک کا اِفتتاح ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔ تمام شریک میڈیکل کالج اسی طرح کے این اے ایم ایس سیل قائم کریں گے جو ایک بہترین نیٹ ورک کو فروغ دیں گے ۔اِ س سے قبل میڈیکل فیکلٹی سکمز کے ڈین پروفیسر شارق آر مسعودی نے معززین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کنکلیو کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو خطے میں طبی تعلیم، تحقیق اور صحت نگہداشت کی خدمات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔کنکلیو میں جی ایم سی سری نگر کے پرنسپل وڈین ڈاکٹر عفت حسن شاہ، پرنسپل وڈین جی ایم سی جموں ڈاکٹر آشوتوش گپتا، پرنسپل جی ایم سی بارہمولہ ڈاکٹر روبی ریشی، پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ ڈاکٹر رخسانہ نجیب، پرنسپل جی ایم سی کٹھوعہ ڈاکٹر سریندر کے اتری، پرنسپل جی ایم سی راجوری ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیہ، پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ ڈاکٹر راکیش بہل، پرنسپل جی ایم سی اودھمپورڈاکٹر موتین جے گپتا، پرنسپل جی ایم سی ہندواڑہ ڈاکٹر خورشید اے وانی، پرنسپل جی ایم سی سری نگر وڈین جی ڈی سی سری نگرڈاکٹر اعجاز احمد شاہ، پرنسپل وڈین آئی جی جی ڈی سی جموں ڈاکٹر پروین اے لون، نے شرکت کی۔










