پونچھ اور کھٹوعہ کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین گولی باری کا تبادلہ
سرینگر // جموں میں ملی ٹنتوں کیخلاف آپریشنوں میں تیزی کے بیچ پونچھ کے مینڈھر جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین آمنا سامنا ہوا جبکہ اس کے بعد جموں کے ہی کھٹوعہ ضلع میں نوکنالہ نالہ ڈھگر میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مختصر جھڑپ ہوئی ۔ پولیس نے دونوں مقامات پر جھڑپوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پونچھ ضلع پٹھانہ تیر علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے علاقے کو محاصرے میں لیا اورو ہاں تلاشی آپریشن شروع کرد یا ۔ ذرائع نے بتایا کہ جونہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا تو وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر کارروائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں خاموشی چھا گئی جس کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے پورے جنگلات کو محاصرے میں لیا اور آپریشن وسیع کر دیا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔ اسی دوران کھٹوعہ ضلع کے نوکنالہ نالہ ڈھگر میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مختصر جھڑپ ہوئی ۔ پولیس ترجمان نے دونوں مقامات پر جھڑپوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ علاقوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً جنگلات کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع ہوئی ۔ا نہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز ہوا اور کچھ وقت تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مقامات پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہونے کے بعد آپریشن تیز کردیا گیا ہے اور دونوں مقامات پر تلاشی کارورائیاں جاری ہے ۔










