سدھا نے آرکائیوز ، آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کئے جانے والے کاموں کا معائینہ کیا

سدھا نے آرکائیوز ، آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے کئے جانے والے کاموں کا معائینہ کیا

سرینگر//ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیالوجی اینڈ میوزیم جے اینڈ کے کلدیپ کرشن سدھا نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں ٹنگمرگ اور گلمرگ میں محکمہ آرکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیم ( اے اے اینڈ ایم ) کے ذریعہ انجام دئیے جانے والے کاموں کا معائینہ کیا ۔ ان کے ساتھ آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کے انجینئرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے اینڈ ایم کشمیر بھی تھے ۔ ڈائریکٹر موصوف نے فیروز پور میں قدیم مندر اور واچ ٹاور کے تحفظ اور بحالی ، ڈرنگ ٹنگمرگ ، حاجی بل ٹنگمرگ میں قدیم مسجد کی بحالی اور گلمرگ میں سینٹ میری چرچ کی بہتری اور بحالی کے کام کا معائینہ کیا ۔

مسٹر سدھا نے آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ڈی پی آرز /کام کے تخمینے تیار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا جو کہ قدیم یادگاروں اور ورثے کی عمارتوں اور مقامات کے تحفظ اور بحالی میں ملوث کسی بھی خصوصی ایجنسی کی تکنیکی رہنمائی کے بغیر کسی ضرورت کا اندازہ لگائے ۔ کاموں کے عمل کے اجزاء اور زمین پر حقیقی عمل درآمد کا حساب لگاتے ہوئے ڈائریکٹر نے زیادہ لاگت سے کئے جانے والے کاموں کے غیر حقیقی اور غلط تخمینے پر سنگین سوالات اٹھائے ۔ محکمہ آر اینڈ بی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے اینڈ ایم کشمیر کے انجینئروں کو موقع پر ہی ہدایت جاری کی گئیں کہ وہ اس طرح کی خلاف ورزیوں سے گریز کریں اور محکمے کی طرف سے انجام دئیے جانے والے کاموں کی شفاف نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ حاجی بل کے مقامی باشندوں نے ڈائریکٹر آارکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیم کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے تاریخی عمارتوں کو ان کی اصل شان بحال کرنے پر بھی زور دیا ۔ ڈائریکٹر موصوف نے فیلڈ افسران کے ساتھ ساتھ عمل آوری ایجنسیوں کو خبر دار کیاکہ وہ اپنے طرز عمل سے محتاط رہیں کیونکہ مالی نظم و ضبط اور محکمے کے مقصد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ مسٹر سدھا نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر تمام اضلاع کا دورہ کریں گے اور نہ صرف کام کی جگہوں کا معائینہ کریں گے بلکہ اضلاع میں قدیم یادگاروں کے تحفظ اور بحالی کی سطح کا بھی جائیزہ لیں گے ۔