اَتل ڈولو نے ورلڈ بینک ٹیم کے ساتھ ملاقات کی
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے ورلڈ بینک کی ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور یہاں دستکاری شعبے کو فروغ دینے کے لئے آگے بڑھنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے اپنے چارروزہ دورے کے اِختتام پر نئے منصوبوں کے لئے ضروری مداخلتوں کے بارے میں مختلف تجاویز پیش کیں۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے کشمیر میں اَپنے مختصر قیام کے دوران متعدد سیاحتی مقامات اور دستکاری یونٹوں کا دورہ کرنے کے بعد اَپنے مشاہدات پیش کئے۔اِس بات پر اِتفاق کیا گیا کہ ورلڈ بینک بنیادی طور پر نئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور دستکاری شعبے کے فروغ کے لئے نالیج پارٹنر کے طور پراَپنی مدد فراہم کرے گا۔میٹنگ میں منصوبے کی فنڈنگ کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) میں مزید ایک برس کی توسیع کا مطالبہ بھی دورہ کرنے والی ورلڈ بینک ٹیم کے سامنے رکھا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی توجہ تمام سیاحتی مقامات کی دیرپا ترقی کو یقینی بنانے پر ہوگی تاکہ دیرپا ترقی کے اہداف میں سیاحتی شعبے کی شراکت کو فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں سیاحت میں جموں و کشمیر کی معیشت میں اہم رول ادا کرنے کی صلاحیت ہے وہیں حکومت قدرتی ماحول کے مطابق منصوبہ بند ترقی کو یقینی بناتے ہوئے سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کے لئے ایک حکمت عملی بھی تیار کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحتی مقامات کی ترقی ہو سکے۔چیف سیکرٹری نے نئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور دستکاری کے فروغ کے لئے تکنیکی مشورے فراہم کرنے کے لئے ورلڈ بینک کی ٹیم کا شکریہ اَدا کیا جس کے لئے ورلڈ بینک نالیج پارٹنر کے طور پر اہم رول اَدا کرے گا۔
ورلڈبینک کی ٹیم نے دورے کا خلاصہ کرتے ہوئے اپنے دورے کی تفصیلات پیش کیں اور سیاحتی مقامات کے بہتر اِنتظام کے مقصد سے جموں و کشمیر حکومت کے نئے منصوبوں میں استحکام اور مدد کرنے کے اَپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ٹیم نے سیاحتی ترقی کے لئے مجموعی سٹریٹجک وژن رکھنے اور منظم ترقی کے لئے سیاحتی مقامات کے مقامی منصوبوں کو تیار کرنے پر زور دیا۔ ٹیم نے زیر بحث دیگر امور کے علاوہ سیاحتی مقامات کی بہتر دیکھ دیکھ کے لئے سہولیات کے قیام کے سلسلے میں دیر پا اِشارے پر کام کرنے پر بھی زور دیا۔سیاحتی سہولیات کے قیام میں سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی شمولیت کی ضرورت، حکومت کی جانب سے کاغذی کارروائی اور کلیئرنس میں تیزی لاتے ہوئے کاروبار کو سہولیت فراہم کرنے اور کلین گرین برانڈ تیار کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں ورلڈ بینک،مرکزی وزارت سیاحت کے سینئر افسران،پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، کمشنر سیکرٹری سیاحت ، ناظم سیاحت کشمیر اور جموں ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، ناظم ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










