مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر میڈیسنل پلانٹ بورڈ کی گورننگ باڈی میٹنگ کی صدارت کی

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر میڈیسنل پلانٹ بورڈ کی گورننگ باڈی میٹنگ کی صدارت کی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر میڈیسنل پلانٹ بورڈ (جے کے ایم پی بی) کی گورننگ باڈی میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ مشیر موصوف نے جموں و کشمیر میں میڈیسنل پلانٹ سیکٹر کو مضبوط بنانے کے بارے میں گورننگ باڈی کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں اَدویاتی پودوں کے شعبے کو آگے بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ممبران اور دیگر شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ میڈیسنل پلانٹ سیکٹر کی مجموعی (تحفظ، کاشت، تجارت اور برآمد) ترقی کے لئے معاون پالیسیوں اور پروگراموںکی عمل آوری کے لئے متعلقہ محکموں کے مابین کوآرڈی نیشن کے لئے مناسب میکانزم تیار کریں۔اُنہوں نے نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ کے جاری مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عمل آوری ا یجنسی پر زور دیا کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے کام کی رفتار کوتیز کرے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو بھدرواہ میں پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ یونٹ کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کسانوں کی رجسٹریشن کے سلسلے میں رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے پر زور دیا تاکہ دلچسپی رکھنے والے کسانوں کو رجسٹریشن میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دورانِ میٹنگ سی ای او جے کے ایم پی بی نے بورڈ کی جاری سرگرمیوں کی تفصیلی تفصیلات پیش کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بورڈ سٹریٹجک اور مربوط کوششوں کے ذریعے اَدویاتی پودوں کے تحفظ، کاشت، تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے بورڈ کے ممبران کو ادویاتی پودوں کے تحفظ، ترقی اور دیرپا انتظام کی مرکزی شعبے کی سکیم اور اس کے اجزأ جیسے ادویاتی پودوں کے تحفظ، جڑی بوٹیوں کے باغات (ادارہ جاتی، کمیونٹی اور سکول ہربل گارڈن)، آئی اِی سی پروگراموں، سمیناروں (ریاستی ، قومی ، بین الاقوامی)، کسانوں کے لئے تربیت و صلاحیت سازی کے پروگراموں، تحقیق اور ترقی (ادویاتی پودوں میں تحقیق اورمعیار کی یقین دہانی) ،ادویاتی پودوں کی سپلائی چین مینجمنٹ ( مربوط اجزأ) ، معیاری پودے لگانے کے مواد کی فراہمی کے لئے نرسریوں کا قیام ( کاشت کاری کو فروغ دینا) ، فصل کٹائی کے بعد کے اِنتظام اور مارکیٹنگ کے لئے بنیادی ڈھانچہ ( ڈرائینگ شیڈز ، سٹوریج گودام ، ویلیو ایڈیشن اِنفراسٹرکچر ( پروسسنگ یونٹس) اور کوالٹی ٹیسٹنگ ) بائیر سیلر میٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔میٹنگ کو مزید جانکاری دی گئی کہ جموں و کشمیر میڈیسنل پلانٹس بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف آیوش جموں و کشمیر تجارتی اور ادویاتی مقاصد کے لئے ادویاتی پودوں کی افادیت کے بارے میں مسلسل بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کر رہے ہیں۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اور وائس چیئرمین جے کے ایم پی بی ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ، جنگلات ، زراعت ، باغبانی پھولبانی کے محکموں ، ایس کے یو اے ایس ٹی ، آیوش اور بورڈ کے دیگر ممبران کے سینئر اَفسران نے شرکت کی ۔