کپواڑہ//ضلع کپواڑہ میں آئندہ اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 کی تیاریوں کے حوالے سے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں پولنگ عملے کے لئے تربیتی سیشن کا ایک جامع تیسرا دور منعقد کیا گیا۔اِس تربیت کا مقصد اِنتخابی عمل کے آسان اِنعقاد کو یقینی بنانا تھا جس کا اِنعقادڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈی ای او) کپواڑہ آیوشی سوڈن اور اسمبلی حلقوں کے متعلقہ آر اوز کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔اِنتخابی تربیت ٹاؤن ہال کپواڑہ، جی ڈِی سی کپواڑہ، انوائرمنٹ ہال ہندواڑہ، ٹاؤن ہال ہندواڑہ اور منی سیکرٹریٹ ٹنگڈار سمیت مختلف مقامات پر منعقد کی گئی۔تربیت میں افسروں اور عملے کو ان کے نامزد سٹیشنوں پر پولنگ کے دوران ان کے اہم رول اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔افسران کو ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی گئی اور اِنتخابی مدت کے دوران اخلاقی اور قانونی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا۔تربیت کی ایک اہم بات رائے دہندگان کے مختلف گروپوں کے لئے ووٹنگ کو آسان بنانے پر تفصیلی گفتگو تھی۔ جسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈی)، بزرگوں اور مخصوص مدد کی ضرورت والے دیگر گروپوں جیسے افراد کو اپنا حق دہی کا اِستعمال کرنے کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔مزید برآں، پولنگ افسران کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے آپریشن پر مظاہرے کئے گئے جہاں ڈی ایل ایم ٹی اور اے سی سطح کے ایم ٹی نے ای وی ایم آپریشن کے اہم پہلوؤں، پولنگ بوتھوں پر درپیش عام مسائل اور پولنگ عمل کے مؤثر انتظام کے بارے میں جامع تربیت فراہم کی۔ٹرینروں نے مسائل کے ازالے کے طریقہ کار اور اِنتخابی عمل میں شفافیت اور درستگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی توجہ مرکوز کی۔تربیتی پروگرام نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام اِنتخابی عملہ الیکشن کے دن کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے اچھی طرح سے تیار ہے جس سے ضلع کپواڑہ کے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں اِنتخابی عمل کے مؤثر اور شفاف انعقاد میں مدد ملی۔اِس موقعہ پر ڈِسٹرکٹ نوڈل آفیسر ٹریننگ سمیر جان نے خطاب کرتے ہوئے انتخابات کی ساکھ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اس طرح کے تربیتی سیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے جمہوری عمل کو برقرار رکھنے میں پولنگ افسران کے اہم رول پر زور دیاکہ وہ اَپنے فرائض پوری تندہی سے انجام دیں۔










