abdul rahim rather

چرار شریف اسمبلی حلقے کیلئے عبدالرحیم راتھر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کیے

کہا مستقبل قریب میں سپریم کورٹ دفعہ 370 کو بحال کرے گی

سرینگر // جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات نزدیک آتے ہی چرار شریف اسمبلی حلقہ کیلئے نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالرحیم راتھر نے ناگام میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سرینگر کے رکنِ پارلیمنٹ روح اللہ بھی موجود تھے۔ سی این آئی کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر اور سابق وزیر عبدالرحیم راتھر نے چرار شریف اسمبلی حلقہ کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی دائر کئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عبدالرحیم راتھر کو دفترِ نامزدگی تک پہنچنے میں تقریباً ڈھائی گھنٹے لگے، حالانکہ یہ دفتر ان کی رہائش گاہ سے محض دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ اس تاخیر کی وجہ نیشنل کانفرنس کے کارکنان کی جانب سے نکالی جانے والی شاندار ریلی تھی، جس میں حلقہ کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ریلی غیر معمولی جوش و خروش کا مظہر تھی، جس نے عوام کی توجہ کو اپنی جانب مبذول کرایا۔ نامزدگی فارم جمع کرنے کے بعد، عبدالرحیم راتھر نے ناگام میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ گھنٹوں سے ان کے انتظار میں موجود تھے۔ اپنی خطاب میں راتھر نے دفعہ 370 کے حوالے سے بات کی اور نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں سپریم کورٹ دفعہ 370 کو بحال کرے گی، اور 6 اکتوبر کو نیشنل کانفرنس کے اقتدار میں آنے کے بعد جموں و کشمیر کے عوام کو راحت ملے گی۔راتھر کی تقریر نے عوام میں جوش و ولولہ پیدا کیا، اور انہوں نے نیشنل کانفرنس کی کامیابی کے لئے اپنی حمایت کا عزم دہرایا۔