سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر یوٹی میں مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کی شروعات میں چیف سیکرٹری نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کے حوالے سے اُٹھائے گئے اَقدامات کی سراہنا کی اور کہا کہ ہمیں ہر لحاظ سے مربوط انداز میں کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مؤثر حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مناسب ایس او پیز وضع کرنے پر زور دیا جہاں ہر متعلقہ فرد ایمرجنسی صورتحال میں اپنے رول اور ذمہ داری سے پوری طرح واقف ہو۔ اُنہوں نے افسر وں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ زونل سطح کی کمیٹیاںایمرجنسی صورتحال میں اہم رول ادا کرتی ہیں، اُنہیںتربیت دینے کی ضرورت ہے اور انہیں کسی بھی حوالے سے کمزور نہیں پایا جانا چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ فلڈ رسپانس مینوئل کو تمام متعلقہ افراد میں تقسیم اور اس کا گہرا ئی سے مطالعہ کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے ڈیسیژن سپورٹ سسٹم کے بارے میں کہا کہ اسے ڈیجیٹل رسک ڈیٹا بیس کے ذریعے اَپ گریڈ کیا جانا چاہئے جو کسی علاقے میں دستیاب تمام وسائل ، بنیادی ڈھانچے وغیرہ کی انوینٹری ہے تاکہ ایک مناسب اور مربوط منصوبہ بنایا جائے اور اس پر بروقت عمل کیا جاسکے۔اَتل ڈولو نے مزید کہا کہ ہر علاقے کا تفصیلی فلڈ میپنگ اور سیلابی نقشہ تیار کیا جائے تاکہ اس کے مطابق کام کیا جاسکے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کریں اور وسائل کو پیشگی طور پر متحرک کریں اور فلڈ ڈیوٹی چارٹ جاری کریں۔چیف سیکرٹری نے ان کے سٹوروں میں موجود محکموں کے پاس دستیاب سیلاب سے بچاؤ کی مختلف اشیاء کے سٹاک پوزیشن کے بارے میں بھی دریافت کیا اور زمینی سطح پر تمام سٹیک ہولڈنگ محکموں کو شامل کرکے فرضی مشقوں کے اِنعقاد پر زور دیا۔متعلقہ محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریوںنے اپنی تیاریوں اور ممکنہ آفات کو کم کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ُانہوں نے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اہم تنصیبات ، آلات ، مشینری کی منتقلی جیسے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ ایس ایم سی کمشنر نے بتایا کہ اُنہوں نے سری نگر شہر میں نشاندہی کردہ مقامات پر پہلے سے موجود افراد، مشینری، موبائل اور سٹیٹک ڈی واٹرنگ پمپ رکھے ہوئے ہیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے اس مقصد کے لئے فائر ٹینڈر اور پورٹیبل پمپ بھی رکھے ہیں۔اِسی طرح تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اَپنے اَپنے اَضلاع میں سیلاب کی تیاریوں کے بارے میں میٹنگ کو جانکاری دی۔
دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کو جانکاری دی گئی کہ باندھوں کا سیفٹی آڈِٹ مکمل کیا گیا ہے اور جہاں بھی ضرورت ہو وہاں عارضی اَقدامات کئے گئے ہیں۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ رام منشی باغ میں محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کا ڈویژنل کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ میٹنگ کو مزید جانکاری دی گئی کہ معلومات کی تشہیر جاری ہے اور سوشل میڈیا ، ریڈیو ، ٹی وی وغیرہ پر اشتہارات دکھائے جا تے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گیج سائٹس کی مانیٹرنگ کیلئے چوبیس گھنٹے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں اور افسران کے ڈیوٹی روسٹر اور ان کے رابطہ نمبر تیار کرکے معلومات کے لئے سب میں بھیج دیئے گئے ہیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی، ڈی ایم آر آر آر، محکمہ سول سیکرٹریٹ، اے ڈی جی پی ایل اینڈ او، صوبائی کمشنر کشمیر، ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی، اے ڈی جی پی جموں زون ( بذریعہ وِی سی)، کمشنر سیکرٹری محکمہ مکانات و شہری ترقی ، آئی جی پی کشمیر زون، آئی جی پی ٹریفک جموں و کشمیر، آئی جی پی ایف سری نگر، ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹری پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ،صوبائی کمشنر جموں ( بذریعہ وِی سی) ،سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










