سری نگر//مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ برائے ترقیٔ خواتین واطفال سنجیو کمار چڈھا نے آج یہاں اوبزرویشن ہوم ہارون ، چلڈرن ہوم (پلاش اور پریشا) شالیمار، ون سٹاپ سینٹر، ایس کے آئی ایم ایس (جے وی سی)بمنہ کا دورہ کیا۔اُن کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر وتسالیہ اور شکتی ماجد خلیل درابو، ڈِسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسرمشن وتسالیہ ، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی سری نگر کی چیئرپرسن اور ممبران اور جووینائل جسٹس بورڈ کے ممبران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے شروعات میں ڈِسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر مشن وتسالیہ نے ایڈیشنل سیکرٹری کو مشن وتسالیہ سکیموں کی صورتحال اور کام کاج کے بارے میں ایک تفصیلی پاورپوائنٹ پرزنٹیشن پیش کیا۔ اِس کے بعد ایک اِستفساری سیشن بھی منعقد ہوا۔اِس دورے کا مقصد عملے کے ساتھ براہ راست بات چیت کی سہولیت فراہم کرنا اور ضلع میں بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اِداروں کے کاموں اور وہاں دستیاب سہولیات کا گہرائی سے جائزہ لینا تھا۔ اِستفساری سیشن میں مشن وتسالیہ کی کارکردگی اور اثر کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ پروگرام کے مقاصد کو مستعدی اور عزم کے ساتھ پورا کیا جائے۔اُنہوں نے چلڈرن ہومز (پلاش اور پریشا) میں رہنے والے بچوں سے بھی بات چیت کی اور اُنہوںنے اَپنی نیک خواہشات اور مسلسل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کی۔اُنہوں نے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہترین کارکردگی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں اور اُنہیں وزارت کی مختلف سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد میں اُنہوں نے سخی ون سٹاپ سینٹر فار وومن اینڈ سنکلپ کا بھی دورہ کیا جہاں مرکزی ایڈمنسٹریٹر او ایس سی سری نگر اورڈِسٹرکٹ مشن کوآرڈی نیٹر سنکلپ ہب نے چیئر کو مشن شکتی سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے دونوں اِداروں کے عملے سے بھی تفصیلی بات چیت کی اور ہدایت دی کہ او ایس سی اورہب دیگر اہم محکموں بالخصوص پولیس اور صحت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ سکیموں کے مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ مزید برآں، اُنہوں نے نئی قانون سازی میں دونوں اِداروں کے عملے کی تربیت پر زور دیا۔ ہدایت دی گئی کہ دونوں ادارے دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین اہداف حاصل کریں۔ او ایس سی بمنہ میں موجود دیگر اَفسروںمیں مرکزی سینئر کنسلٹنٹ منسٹری آف وومن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ جنید الاسلام اورسپیشلسٹ جینڈر ڈائریکٹوریٹ آف مشن شکتی جموں و کشمیر سمینہٰ میر شامل تھے۔اُنہوں نے اَپنے دوروں کے دوران معاشرے کے کمزور طبقے یعنی خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے ایسے اِداروں کے قیام پر زور دیا۔










