dooran

اَتل ڈولو کا آئی ایف ایس آفیسر جتندر سنگھ کے اِنتقال پر اِظہار ِ تعزیت

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی سربراہی میں اِنتظامی سیکرٹریوں کی آج ایک تعزیتی اور دعائیہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ریذیڈنٹ کمشنر آفس نئی دہلی میں تعینات 2010 بیچ کے آئی ایف ایس آفیسر جتندر سنگھ کے اِنتقال پر گہر ے دُکھ کا اِظہار کیا گیا۔اَتل ڈولو نے تعزیتی میٹنگ میں کم عمری میں اِس نوجوان آفیسر کی بے وقت موت پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا۔ اے سی ایس فارسٹ ایکولوجی اینڈ انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ دھیرج گپتا نے بھی دِلی تعزیت کا اِظہار کیا اور جتندرسنگھ کی ایک آفیسرکے طور پر ان کے شاندار کام کے لئے تعریف کی۔اُنہوں نے تعزیتی پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میں اُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی اورہمدردی کا اِظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں پوری اِنتظامیہ اہل خانہ کے ساتھ ہے۔تمام اَفسروں نے دِلی تعزیت کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے مرحوم کی روح کے ابدی اور دائمی سکون کے لئے دعا کی اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔مرحوم کی روح کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحوم آفیسرکی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی گئی۔